پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے زیراہتمام اور سندھ نیٹ بال ایسوسی ایشن کے تعاون سے پی این ایف نیٹ بال کپ پی ایس بی کوچنگ سنٹر، کراچی میں شروع ہو گیا ہے۔ ایونٹ کا افتتاح پاکستان سپورٹس بورڈ کوچنگ سنٹر کراچی کے ڈائریکٹر عمران یوسف نے کیا۔اس موقع پر پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے صدر مدثر آرائیں کے علاوہ شائقینِ کی کثیر تعداد بھی موجود تھی۔ ٹورنامنٹ میں بوائز میں ایک جبکہ گرلز کی پانچ کیٹگریز کے مقابلے رکھے گئے ہیں۔ گرلز انڈر 13کے مقابلوں میں 8ٹیمیں، گرلز انڈر 15اور انڈر 17کے مقابلوں میں چھ، چھ ٹیمیں، گرلز انڈر 19اور گرلز اوپن کیٹگریز کے مقابلوں میں پانچ، پانچ ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں جبکہ بوائز اوپن کیٹگری کے مقابلوں میں آٹھ ٹیمیں حصہ لیں گی۔ ٹورنامنٹ 12اکتوبر تک جاری رہے گا اور ٹورنامنٹ کے اختتام پر کامیابی حاصل کرنے والے کھلاڑیوں میں انعامات تقسیم کئے جائیں گے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی