قومی ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان ماریہ جمال خان نے سعودی عرب میں ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں اعلی کارکردگی دکھانے کے عزم کا اظہار کیا ہے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق سعودی عرب میں 11 جنوری سے شروع ہونے والے 4 ملکی ویمن فٹبال ایونٹ کیلئے قومی ویمن ٹیم کا تربیتی کیمپ جاری ہے جس میں کھلاڑی بھرپور محنت کر رہی ہیں۔ قومی کپتان ماریہ جمال نے کہا کہ سینئرز اور جونیئرز پر مشتمل ٹیم متوازن ہے اور سعودی عرب میں ہونے والے چار ملکی ٹورنامنٹ میں بہترین نتائج دینے کی اہلیت رکھتی ہے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا آٹھ سالہ تعطل کے بعد سیف گیمز کی صورت میں پہلی انٹرنیشنل مصروفیت میسر آئی، ایونٹ کے دوران ہی قومی ٹیم کی کارکردگی میں نمایاں بہتری دیکھنے میں آئی اور ہم نے مالدیپ کے خلاف یادگار کھیل پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ عالمی سطح پر ملک کی نمائندگی کرتے ہوئے کھلاڑیوں کو اپنی صلاحیتوں کو نکھارنے کا موقع ملتا ہے اور ان کے اعتماد میں اضافہ ہوتا ہے۔ انکا مزید کہنا تھا کہ تربیتی کیمپ میں شامل تمام فٹبالرز باصلاحیت اور عمدہ کارکردگی کے لئے پرعزم ہیں، فٹنس پر خصوصی توجہ دی جا رہی ہے، نادیہ خان کی شمولیت سے اٹیک مزید مضبوط ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی