موذی مرض کینسر سے زندگی کی جنگ لڑنے والی بھارتی اداکارہ حنا خان نے اللہ کی خاص مدد حاصل کرنے کیلئے تہجد کی نماز ادا کرتے ہوئے ویڈیو جاری کردی۔حنا خان ان دنوں اپنی اداکاری سے زیادہ اپنے بلند حوصلوں کے سبب شہ سرخیوں کا حصہ بنی ہوئی ہیں کیونکہ اداکارہ ان دنوں چھاتی کے کینسر کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہی ہیں اور اس حوالے سے اپنے مداحوں کو بھی باخبر رکھ رہی ہیں۔حنا خان کینسر کی تشخیص کے بعد سے فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر اسلامک اسٹوریز شیئر کرتی نظر آرہی ہیں اور اب اداکارہ نے تہجد کی نماز ادا کرتے ہوئے ایک ویڈیو جاری کردی ہے۔ویڈیو کے آغاز میں رات کی تاریکی میں حنا خان ایک موم بتی جلاتی نظر آئیں جس کے بعد انہوں نے جائے نماز بچھا کر نماز ادا کی اور تسبیح بھی پڑھی۔ویڈیو میں اداکارہ جائے نماز پر بیٹھی اپنا ایک پیر سیدھا کر کے اسے حرکت دیتیں اور اپنے ہاتھ سے دباتی بھی نظر آئیں اور اس کے ساتھ لکھا کہ جب سے ٹریٹمنٹ شروع ہوا ہے میرے پیر زیادہ تر وقت سن رہتے ہیں لیکن وہ اللہ رحیم ہے، مالک الملک ہے، وہ مجھے بھی ٹھیک کر دیگا۔پوسٹ کے کیپشن میں حنا خان نے لکھا کہ تہجد، سب سے بہترین سننے والے سے بات کرو، وہ سب سے زیادہ مہربان ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی