اس سال دنیا کی کئی معروف شخصیات نے فریضہ حج ادا کیا جن میں عالمی شہرت یافتہ ایتھلیٹ محمد فرح بھی شامل تھے۔ ایک انٹرویو میں محمد فرح نے کہا کہ پہلی مرتبہ مکہ میں داخل ہونا اور مسجد الحرام پہنچ کر خانہ کعبہ کے سامنے موجودگی پر میرے وجود میں کپکپی سی ہونے لگی۔ خوشی کا ایک حیرت انگیز احساس ہوا جو بیان نہیں کیا جا سکتا۔عالمی ایتھلیٹ کا کہنا تھا کہ میں پہلی مرتبہ یہاں آیا ہوں اور فریضہ حج کی ادائیگی کے لیے موجود ہوں۔ پانچ وقت کی نمازیں ادا کرنے پر میں خدا کا شکر ادا کرتا ہوں۔ محمد فرح نے کہا کہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز، ولی عہد اور سعودی حکام کا تہہ دل سے شکریہ ادا کرتا ہوں کہ انہوں نے اتنی بڑی تعداد میں حجاج کو منظم کیا۔ میرے نزدیک اتنی بڑی تعداد میں حجاج کی میزبانی کرنا اور ان کی تمام ضروریات کا خیال رکھنا حیرت انگیز بھی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ حج میں صحت، پانی اور دیگر خدمات کے حوالے سے تمام ضروریات کا خیال رکھنا بہت صبر آزما اور مشقت طلب کام ہے۔ تمام لوگوں کی کوششوں کو سراہا جانا چاہیے۔ محمد فرح نے کہا کہ اس سال سفر حج کا حصہ بننے پر خوش ہوں اور خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں۔مملکت آمد سے اب تک کے تمام اقدامات کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ اس سلسلے میں وزیر اسلامی امور ڈاکٹر عبداللطیف آل الشیخ کا شکر گزارہ وں۔ حجاج کو فراہم کی جانے والی خدمات اور انتظامات قابل ستائش ہیں۔انہوں نے کہا کہ میں جانتا ہوں کہ سعودی حجاج اور زائرین کی خدمت کے لیے تیار رہتے ہیں اور میرا یہ دورہ سعودی عرب کی طرف سے حجاج کی بہترین خدمات کے ایک حصے کے طور پر عمل میں آیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی