اٹلی کے جوناتھن میلان نے گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کا چوتھا مرحلہ جیت لیا۔ اٹلی میں گیرو ڈی اٹالیہ کا 107 واں ایڈیشن جاری ہے جس میں سائیکلنگ کی دنیا کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس کے چوتھے مرحلے میں سائیکل سواروں نے ایکوی ٹرم سے اندورا تک کا فیصلہ طے کرنا تھا جو سیدھا 190 کلو میٹر پر محیط تھا۔ 23 سالہ اطالوی سائیکل سوار جوناتھن میلان نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 190کلومیٹر کا فاصلہ 4گھنٹے 16 منٹ اور 3 سیکنڈز میں طے کرکے چوتھے مرحلے میں پہلی پوزیشن حاصل کی۔ 25 سالہ آسٹریلوی سائیکل سوار کیڈن گرووز نے دوسری جبکہ 29 سالہ جرمن سائیکلسٹ فل باہاس نے تیسری پوزیشن حاصل کی، ریس میں سلووینیا کے سائیکل سوارتڈیج پوگاچر کا پنک جرسی پر قبضہ برقرار ہے ۔ گزشتہ سال گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس ٹیم جمبو ویزما کے سلووینین سائیکل سوار پریموز روگلک نے جیتی تھی، وہ رواں ایڈیشن میں شامل نہیں ہیں تاہم رواں سال تڈیج پوگاچر سلووینیا کی نمائندگی کر رہے ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ ایک گرینڈ ٹور سائیکلنگ سٹیج ریس ہے جو تین ہفتوں میں مکمل ہوگی جس میں دنیا کے نامور سائیکلسٹس شریک ہیں۔ گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3400.8 کلو میٹر کا سفر طے کرینگے، سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں، گیرو ڈی اٹالیہ سائیکل ریس 23 روز جاری رہنے کے بعد 26 مئی کو اختتام پذیر ہوگی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی