رواں برس کے چوتھے اور آخری گرینڈ سلام یو ایس اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کا 144 واں ایڈیشن 26 اگست سے امریکی شہر نیویارک میں شروع ہوگا۔ میگا ایونٹ کے کامیاب انعقاد کے لئے تیاریاں عروج پر ہیں۔ میگا ایونٹ ہارڈ کورٹ پر کھیلا جائے گا جس میں دنیائے ٹینس کے نامور کھلاڑی ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں نظر آئیں گے۔میگا ایونٹ میں مینز سنگلز، ویمنز سنگلز، مینز ڈبلز ویمنز ڈبلز اور مکسڈ ڈبلز سمیت دیگر مقابلے ہوں گے۔ سربیا کے بینا لاقوامی شہرہ آفاق ٹینس سٹار نوویک جوکووچ نے گزشتہ یوایس اوپن مینز سنگلز ٹائٹل اپنے نام کیا تھا۔ خواتین کے سنگلز مقابلوں میں امریکا کی ٹینس سٹار اور عالمی نمبر ٹو کوکوگف اپنے اعزاز کا دفاع کریں گی۔ اسی طرح مینز ڈبلز مقابلوں میں امریکا کے راجیو رام اور ان کے برطانوی جوڑی دار جو سیلسبری پر مشتمل جوڑی اپنے اعزاز کے دفاع کے لئے کوشاں ہوگی۔ویمنز ڈبلز مقابلوں میں کینیڈا کی ٹینس سٹار گیبریلا ڈابرووسکی اور ان کی نیوزی لینڈ کی جوڑی دار ایرن روٹلف اپنے ٹائٹل کے دفاع کے لئے پنجہ آزمائی کرے گی۔ مکسڈ ڈبلز مقابلوں میں قزاقستان کی ٹینس کھلاڑی انا ڈینیلینا اور ان کی فن لینڈ کی جوڑی دار ہیری ہیلیووارا اپنے اعزاز کا دفاع کریں گے۔ مینز اور ویمنز سنگلز مقابلوں کے فاتح کھلاڑی کو 36 لاکھ ڈالر جبکہ ڈبلز مقابلوں کے فاتح کو 7لاکھ 50ہزار ڈالر انعام دیا جائے گا۔ میگا ایونٹ 8 ستمبر کو اختتام پذیر ہوگا
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی