معروف پاکستانی ریپ گلوکار طلحہ انجم اور طلحہ یونس کے بھارت میں پرفارم کرنے کی خبریں سامنے آنے پر انتہا پسند بھارتی بھی مخالفت میں سامنے آگئے۔میڈیا رپورٹس میں دعوی کیا جارہا ہے کہ ینگ اسٹنرز رواں برس دسمبر میں بھارت میں پرفارم کریں گے، ان کے کنسرٹ بنگلورو، دہلی اور ممبئی میں شیڈول ہیں۔ ینگ اسٹنرز کے دورے کا اہتمام کرنے والی کمپنی نے نے ایونٹ کے لیے پری رجسٹریشن کا آغاز کردیا ہے، جس میں پہلے آنے والوں کو ترجیحی بنیادوں پر ٹکٹس فروخت کیے جارہے ہیں۔ینگ اسٹنرز نے تاحال اپنے بھارت کے دورے کی تفصیلات کی باضابطہ طور پر تصدیق نہیں کی ہے۔دوسری جانب ینگ اسٹنرز کے اِس ممکنہ دورے پر بھارت میں سوشل میڈیا پر شدید تنقید کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ بھارتی انتہا پسند صارفین نے طلحہ انجم کی پرانی سوشل میڈیا پوسٹس شیئر کرنا شروع کردیں جس میں انہوں نے مبینہ طور پر بھارتی پائلٹ ابھی نندن ورتھمان کا مذاق اڑایا، بھارتی وزیراعظم نریندر مودی پر تنقید کی اور مقبوضہ کشمیر کی بھارت سے آزادی کی حمایت کی تھی۔بی جے پی دہلی کے سوشل میڈیا انچارج انکت جین نے ینگ اسٹنرز کے دورے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ انہیں بھارت میں پرفارم کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی جبکہ دوسری جانب بھارتی سوشل میڈیا صارفین نے وزیر داخلہ امیت شاہ اور وزیر خارجہ ڈاکٹر ایس جے شنکر کو بھی ٹیگ کرتے ہوئے ینگ اسٹنرز کا بھارت میں کنسرٹ منسوخ کرنے کا مطالبہ کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی