ٹی 20ورلڈ کپ کے 26ویں میچ میں ویسٹ انڈیز کے نیوزی لینڈ کو شکست دیکر سپر 8مرحلے تک رسائی حاصل کرلی۔آئی سی سی ٹی 20ورلڈ کپ کے 26میچ میں نیوزی لینڈ نے ٹاس جیت کر ویسٹ انڈیز کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، ویسٹ انڈیز نے مقررہ 20اوورز میں 9وکٹوں کے نقصان پر 149رنز بنائے۔ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلے جانے والے اس میچ میں ویسٹ انڈیز کا آغاز انتہائی مایوس کن تھا، ابتدائی 5بیٹرز صرف 30رنز پر پویلین لوٹ گئے، برینڈن کنگ 9، جانسن چارلس صفر، نکولس پورن 17، روسٹن چیز صفر اور کپتان رمن پاول صرف ایک رن بنا سکے۔کیویز بولرز کی عمدہ بولنگ کے خلاف شیرفین ردر فورڈ کی مزاحمتی اننگز سب سے نمایاں تھی جنہوں نے 68رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی، عقیل حسین 15، آندرے رسل 14اور الزاری جوزف نے 6رنز بنائے۔نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹرینٹ بولٹ نے 3کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا جبکہ ٹم ساتھی اور لوکی فرگوسن نے 2،2کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، جیمز نیشم اور مچل سینٹنر نے 1،1وکٹ حاصل کی۔ہدف کے تعاقب میں نیوزی لینڈ کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں محض 9وکٹوں کے نقصان پر 136رنز ہی بنا سکی، بیٹر گلین فلپس 33گیندوں پر 40رنز بناکر نمایاں رہے، فن ایلن نے 26جب کہ مچیل سینٹنر نے ناقابلِ شکست 21رنز اسکور کیے۔ویسٹ انڈیز کی جانب سے الزاری جوزف نے 4اوورز میں 19رنز دے کر 4کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا، گڈاکیش موتی نے چار اوورز میں 25رنز دیے اور 3کھلاڑی پویلین بھیجے، عقیل حسین نے 21رنز دے کر ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی