i کھیل

ٹی20 ورلڈکپ، سکاٹ لینڈ کی عمان کو 7 وکٹوں سے شکستتازترین

June 10, 2024

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ 2024 کے 20 ویں میچ میں سکاٹ لینڈ نے عمان کو 7 وکٹوں سے شکست دے دی۔ سکاٹ لینڈ نے 150 رنز کا ہدف 13.1 اوورز میں حاصل کر کے گروپ بی میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔ سر ویوین رچرڈز سٹیڈیم نارتھ سانڈ اینٹیگوا میں کھیلے جانے والے میچ میں عمان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا اور مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 150 رنز بنائے۔ عمان کے اوپنر پریٹک اوتھاولی نمایاں بیٹسمین رہے جنہوں نے 54 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی، آیان خان نے 41 رنز بنائے جبکہ عاقب الیاس 16، مہران خان 13 اور نسیم خوشی 10 رنز بناسکے۔ سکاٹ لینڈ کی جانب سے سفیان شریف نے 2 وکٹیں حاصل کیں جبکہ کرس گریوز، کرس سول، بریڈ وہیل اور مارک واٹ نے 1،1 کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ ہدف کے تعاقب میں سکاٹ لینڈ کی پہلی وکٹ 21 رنز پر گری، مائیکل جونز 16 رنز بنا کر آٹ ہوئے، جارج مونسے نے 41 رنز بنائے۔ برینڈن میک مولن سکاٹ لینڈ کے سب سے نمایاں بیٹسمین رہے جنہوں نے 61 رنز کی ناقابل شکست اننگز کھیلی۔ عمان کی جانب سے بلال خان، مہران خان اور عاقب الیاس نے ایک، ایک کھلاڑی کو آوٹ کیا۔ میگا ایونٹ کے گروپ بی میں سکاٹ لینڈ 3 میچوں میں 5 پوائنٹس کے ساتھ پہلی پوزیشن پر آ گیا ہے جبکہ دوسرے نمبر پر آسٹریلیا کی ٹیم ہے جس کے 4 پوائنٹس ہیں۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی