آئی سی سی ٹی 20 ورلڈکپ 2024 کے سپر 8 مرحلے میں آسٹریلین فاسٹ بالر پیٹ کمنز نے پہلی ہیٹ ٹرک کر ڈالی۔ ٹی 20 ورلڈ کپ میں سپر 8 مرحلے کے گروپ اے میں شامل آسٹریلیا اور بنگلادیش کی ٹیمیں ایونٹ کے 44 ویں میچ میں انٹیگووا کے سر ویون رچرڈز کرکٹ سٹیڈیم میں مدمقابل ہوئیں جس میں آسٹریلیا نے ڈک ورتھ لوئس میتھڈ کے ذریعے بنگلا دیش کو 28 رنز سے شکست دیدی۔ آسٹریلیا کی جانب سے پیٹ کمنز نے شاندار بالنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 29 رنز دیکر تین کھلاڑیوں کو آوٹ کیا۔ پیٹ کمنز نے ایک اوور کی آخری دو اور دوسرے اوور کی پہلی گیند پر وکٹ لیکر ہیٹ ٹرک مکمل کی، انہوں نے محمود اللہ، مہدی حسن اور توحید ہری دوئے کو آوٹ کیا۔ خیال رہے کہ یہ امریکا اور ویسٹ انڈیز میں جاری ٹی 20 ورلڈکپ میں کسی بھی بالر کی جانب سے پہلی ہیٹ ٹرک ہے اور پیٹ کمنز سابق فاسٹ بالر بریٹ لی کے بعد دوسرے آسٹریلین بالر بنے ہیں جنہوں نے ٹی 20 ورلڈکپ میں ہیٹ ٹرک کا کارنامہ سرانجام دیا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی