اداکارہ صحیفہ جبار نے حج اور عمرہ ادائیگی کی جھلکیاں سوشل میڈیا کی زینت بنانے والوں کے نام اصلاحی پیغام جاری کردیا۔فوٹو اینڈ ویڈیو شیئرنگ ایپ انسٹاگرام پر صحیفہ جبار نے طویل نوٹ شیئر کیا جس میں انہوں نے روحانی سفر کو محض ایک فیشن سمجھ لینے والوں کی توجہ ان لوگوں پر مرکوز کروانے کی کوشش کی جنکے لیے حج اور عمرے کیلئے اپنی پوری زندگی کی جمع پونجی بھی کم پڑجاتی ہے۔صحیفہ جبار نے اپنی پوسٹ میں لکھا کہ،عمرہ اور حج بہت ہی ذاتی اور روحانی سفر ہیں۔ مجھے یہ دیکھ کر تشویش ہوتی ہے جب لوگ ان تجربات کو سوشل میڈیا پر اس انداز میں شیئر کرتے ہیں جو دولت، شہرت یا عیش و آرام کو اجاگر کرنے جیسا لگتا ہے۔انہوں نے مزید لکھا کہ،ایسی چیزیں جیسے کلاک ٹاور میں قیام کرنا، خانہ کعبہ کے نظارے دکھانا، پرتعیش کھانوں کا لطف اٹھانا، اور ہر قدم کو دستاویزی شکل دینا بعض اوقات ایسا محسوس ہوتا ہے کہ یہ مقدس سفر کی اصل روح سے دور کر دیتے ہیں۔ میں پوری طرح سمجھتی ہوں کہ صرف اللہ ہی ہمارے دلوں کے حالات جانتا ہے اور وہی ہماری نیتوں کا فیصلہ کرتا ہے۔ تاہم، بطور ایک عوامی شخصیت، میرا ماننا ہے کہ ہمیں یہ ذمہ داری نبھانی چاہیے کہ جو کچھ ہم شیئر کرتے ہیں اس کے بارے میں محتاط رہیں تاکہ دوسرے لوگوں میں احساس محرومی پیدا نہ ہو۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی