پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی )کی قانونی ٹیم کے جائزے کے بعد قومی ٹیم کے فاسٹ باولر حارث روف کا سینٹرل کنٹریکٹ دوبارہ بحال ہونے کا امکان ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف تین میچز پر مشتمل ٹیسٹ سیریز کھیلنے سے انکار کرنے پر حارث روف کا سینٹرل کنٹریکٹ منسوخ کر دیا گیا تھا اور چیف سلیکٹر وہاب ریاض کی جانب سے فاسٹ بالر پر تنقید بھی کی گئی تھی۔ دائیں ہاتھ کے فاسٹ بالر کو فی الحال پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل ) کی فرنچائز لاہور قلندرز نے سائن کیا ہے اور ٹیم کے مالک نے ان کے ساتھ پی سی بی کے سلوک پر تنقید بھی کی ہے۔ قومی ٹیم کے لیے دستیاب نہ ہونے کی وجہ سے روف کو 2024 کے وسط تک کسی بھی غیر ملکی لیگ میں شرکت سے روک دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ حارث روف پی ایس ایل کے دوران کندھے کی انجری کا شکار بھی ہوئے ہیں جس کی وجہ سے مبینہ طور پر وہ 6 ہفتوں تک گرانڈ سے باہر رہیں گے۔ حارث روف 2024 میں امریکا اور ویسٹ انڈیز میں ہونے والے ٹی 20 ورلڈ کپ کے دوران اہم ثابت ہو سکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی