نیوزی لینڈ کرکٹ ٹیم کے کھلاڑی فن ایلن نے پاکستان کے خلاف تیسرے ٹی 20 میچ میں بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا۔ بدھ کے روز پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں 5 میچز پر مشتمل ٹی 20 سیریز کے تیسرے میچ میں مدمقابل تھیں جہاں میزبان ٹیم نے مہمان ٹیم کو 45 رنز سے شکست دے کر سیریز میں 0-3 کی واضح برتری حاصل کی۔ کیویز ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20 اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 224 رنز بنائے جبکہ قومی ٹیم جواب میں مقررہ اوورز میں 7 وکٹوں کے نقصان پر 179 رنز بناسکی۔ نیوزی لینڈ کی جانب سے اوپنر فن ایلن نے 62 گیندوں پر 137 رنز کی تاریخی اننگ کھیلی جس میں 16 چھکے اور 5 چوکے شامل تھے۔ فن ایلن نے اپنی بہترین اننگ کی بدولت اہم اعزاز اپنے نام کیا اور وہ نیوزی لینڈ کی جانب سے ٹی 20 فارمیٹ کے ایک میچ میں سب سے زیادہ سکور کرنے والے کھلاڑی بن گئے۔ کیوی اوپنر نے سابق کپتان برینڈن میک کولم کا 2012 میں بنگلا دیش کے خلاف بنائے گئے 123 سکور کا ریکارڈ بھی توڑا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی