بالی ووڈ اداکارہ ہما قریشی کا کہنا ہے کہ فلم انڈسٹری میں عمر کی بنیاد پر فرق کو ختم ہونا چاہیے۔ بھارتی میڈیا کو انٹرویو میں انہوں نے کہا کہ لوگوں کو یہ احساس ہونا چاہیے کہ خواتین کوئی اشیا نہیں ہیں کہ ان کی کوئی میعاد مقرر ہے۔ ہما قریشی نے کہا کہ میں سمجھتی ہوں فنکار ہر گزرتے سال کے ساتھ بہتر ہوتا، اس میں نکھار آتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ جیسے میری عمر بڑھ رہی ہے اور امید ہے کہ میری عقل بھی بڑھ رہی ہے، اس کے ساتھ ہی میں نے یہ سبق سیکھا ہے کہ ہمیں صبر سے کام لینا چاہیے اور اس بات پر بھروسہ ہونا چاہیے کہ بعض دفعہ زندگی میں ہمارے لیے ہماری سوچ سے کہیں زیادہ بہتر ہوتا ہے۔ ہما نے کہا کہ کوشش کریں کہ پرسکون رہیں، ہر دن کو اچھے سے اچھا گزارنے کی کوشش کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ مجھے لگتا ہے کہ ہر کچھ سال بعد میری شخصیت میں تبدیلی آتی ہے، بطور انسان میں تبدیل ہوجاتی ہوں، میرے خیالات بدل جاتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی