فرانسیسی فٹ بال سٹار کیلیئن ایمباپے کی بلاک بسٹر انٹری کی ویڈیو فیفا کے آفیشل ٹک ٹاک اکاونٹ پر شیئر کی گئی، جس کیلئے کوک سٹوڈیو کے سیزن 15 کے مشہور گانے بلاک بسٹر کا انتخاب کیا گیا ہے۔ پاکستانی گلوکاروں کے بہت سے گانوں کو عالمی سطح پر پذیرائی ملی ہے اور اب ایک اور پاکستانی گانے کا جادو فٹ بال کی عالمی تنظیم فیفا پر چل گیا۔ فرانسیسی فٹ بال سٹار کیلیئن ایمباپے کی بلاک بسٹر انٹری کی ویڈیو بدھ کو فیفا کے آفیشل ٹک ٹاک اکانٹ پر شیئر کی گئی، جس میں فٹبال کے میدان میں ایمباپے کے کھیل پرمہارت کو سراہا گیا۔ فیفا نے پاکستانی گانے کا حوالہ دیتے ہوئے ٹک ٹاک پوسٹ کا عنوان لکھا: "ایمباپے کی "بلاک بسٹر" انٹری، گانے کے میوزک پروڈیوسر ذوالفقار خان جو پاکستان میں "زلفی" کے نام سے مشہور ہیں، نے اپنے سوشل میڈیا ہینڈلز پر فیفا کی پوسٹ کوشیئر کیا۔ پاکستانی صارفین نے اس بات پرخوشی کا اظہار کیا ہے کہ فٹ بال کی گورننگ باڈی نے ان کے ملک کے کوک سٹوڈیو کے مقبولِ عام گانے "بلاک بسٹر" کو ریل کی پسِ پردہ موسیقی کے طور پر استعمال کیا۔ فٹ بال کے عظیم کھلاڑیوں میں سے ایک سمجھیجانے والے ایمباپے فرانس کو موجودہ یورو کپ 2024 کے فائنل میں پہنچانے میں ناکام رہے جب ان کی ٹیم بدھ کو ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل میں سپین سے دو-ایک سے ہار گئی۔ فرانس نے سپین کے مقابلے میں کم پاسز مکمل کیے اور پورے کھیل میں گیند کو صرف 41 فیصد اپنے قبضے میں رکھا جس سے شائقین کو شکست کی مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ 25 مئی کو ریلیز کیے جانے والے اس ہپ ہاپ گانے کو اب تک یوٹیوب پر 19 ملین سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔ اس سے قبل ارجنٹینا کے سٹار فٹ بالر لیونل میسی کی 37 ویں سالگرہ پر بھی پاکستانی مداحوں کو ایک تحفہ ملا تھا، جب فیفا کے آفیشل سوشل میڈیا پیجز پر انہیں اردو میں سالگرہ کی مبارک باد دیتے ہوئے عارف لوہار کا گانا آ تینوں موج کراواں لگایا گیا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی