i کھیل

فاسٹ بائولر جسپریت بمراہ دھرم شالہ ٹیسٹ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گےتازترین

March 05, 2024

بھارت کی کرکٹ ٹیم کے مایہ ناز فاسٹ بائولر جسپریت بمراہ انگلینڈ کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ میں قومی ٹیم کی نمائندگی کریں گے۔ بھارتی ٹیسٹ کرکٹ ٹیم کے نائب کپتان جسپریت بمراہ کو رانچی میں کھیلے گئے سیریز کے چوتھے ٹیسٹ میں آرام کی غرض ٹیم میں شامل نہیں کیا گیا تھا تاکہ وہ آئندہ مصروف شیڈول کے پیش نظر اپنے کام کے بوجھ کو سنبھالیں جس میں آئی پی ایل کی مہم بھی شامل ہے جس کے بعد امریکا اور ویسٹ انڈیز میں رواں سال ٹی 20 ورلڈ کپ بھی شامل ہے۔30 سالہ فاسٹ بائولر جسپریت بمراہ نے پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کے پہلے تین میچوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ انہوں نے 13.64 کی اوسط سے 17 وکٹیں حاصل کیں۔ جسپریت بمراہ کی جگہ بنگال کے تیز گیند باز آکاش دیپ کو رانچی ٹیسٹ کے لیے بھارتی سکواڈ میں شامل کیا گیا تھا۔ جسپریت بمراہ کے علاوہ محمد سراج اور مکیش کمار بھی پانچویں اور آخری ٹیسٹ میچ کے لئے بھارتی ٹیم کو دستیاب ہوں گے ۔انگلینڈ کے خلاف پانچویں اور آخری ٹیسٹ کے لئے 15 رکنی بھارتی ٹیم کی قیادت روہت شرما کریں گے جبکہ دیگرکھلاڑیوں میں جسپریت بمراہ (نائب کپتان)، یشسوی جیسوال، شبمن گل، رجت پاٹیدار، سرفراز خان، دھرو جورل (وکٹ کیپر)، سریکر بھارت ، دیو دت پڈیکل، روی چندرن ایشون، رویندرا جڈیجہ ، اکسر پٹیل، کلدیپ یادو ، محمد سراج، مکیش کمار اور آکاش دیپ شامل ہیں۔حتمی گیارہ رکنی ٹیم کا فیصلہ میچ سے قبل کیا جائے گا۔واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کو برطانوی کرکٹ ٹیم کے خلاف پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں 3-1 کی فیصلہ کن برتری حاصل ہے۔بھارت اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پانچ میچوں کی سیریز کا پانچواں اور آخری ٹیسٹ میچ 7 سے 11 مارچ تک دھرم شالہ میں کھیلا جائے گا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی