بھارت کے معروف گلوکار میکا سنگھ نے دبئی ایئرپورٹ پر گرفتاری کے معاملے کے بعد عالمی شہرت یافتہ گلوکار راحت فتح علی خان کے سابق مینیجر سلمان احمد کے نام اہم پیغام جاری کیا ہے۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر یہ خبر گردش کررہی تھی کہ راحت فتح علی خان کو ان کے سابق مینیجر سلمان احمد کی جانب سے ہتک عزت کی شکایت پر دبئی ایئرپورٹ پر گرفتار کرلیا گیا ہے۔ تاہم بعدازاں، گلوکار نے اپنے سوشل میڈیا بیان میں اپنی گرفتاری کی خبروں کی تردید کردی تھی۔اب اس معاملے پر معروف بھارتی گلوکار میکا سنگھ بھی بول پڑے ہیں، انہوں نے اپنے آفیشل انسٹاگرام ہینڈل کی اسٹوری راحت فتح علی خان کے سابق مینیجر سلمان احمد کے نام پیغام جاری کیا۔میکا سنگھ نے کہا کہ راحت فتح علی خان کے سابق مینیجر نے وہی حرکت کی جس سے مجھے شدید نفرت ہے، مجھے سمجھ نہیں آرہا ہے کہ گلوکار کا مینیجر اپنے فنکار کے ساتھ ایسی گھٹیا حرکتیں کیوں کررہا ہے۔بھارتی گلوکار نے کہا کہ اس مینیجر کو راحت فتح علی خان کی وجہ سے ہی شہرت، عزت، دولت اور پہچان ملی، سب کچھ حاصل کرنے کے بعد وہ ایسی سستی حرکتیں کررہا ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سلمان بھائی! آپ جو کررہے ہیں یہ اچھی بات نہیں ہے، راحت فتح علی خان آپ کے بھائی کی طرح ہیں۔یاد رہے کہ گلوکار نے چند ماہ قبل ہی اپنے مینیجر سلمان احمد کو برطرف کردیا تھا اور دونوں نے ایک دوسرے کے خلاف مقدمات درج کرائے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی