i کھیل

چیمپئنز ٹرافی، یو اے ای کے میچز سے بھی بڑی آمدنی آنے کا امکانتازترین

January 03, 2025

یو اے ای میں چیمپئنز ٹرافی کے میچز سے پی سی بی کو بڑی آمدنی ملنے کی توقع ہے، ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل شدہ آدھی سے زیادہ رقم پاکستان کو ہی ملنی ہے، اس حوالے سے جلد تحریری معاہدہ ہو جائے گا۔چیمپئنز ٹرافی کا انعقاد 19 فروری سے 9 مارچ تک ہو گا، دورہ پاکستان سے انکار کرنے والی بھارتی کرکٹ ٹیم کے میچز دبئی میں ہونے ہیں، اگر بلو شرٹس فائنل میں پہنچی تو 5، سیمی فائنل تک محدود رہنے پر 4 جبکہ صرف پہلے رانڈ سے باہر ہونے پر 3 میچز یو اے ای میں ہوں گے۔ان میں 23 فروری کو پاک بھارت بلاک بسٹر میچ بھی شامل ہے، پی سی بی نے ابتدائی شیڈول میں اس مقابلے کی میزبانی قذافی سٹیڈیم لاہور کو سونپی تھی۔حکام کو وینیو کے تماشائیوں سے مکمل بھرے رہنے کی امید تھی البتہ بھارتی بورڈ نے حکومت سے اجازت نہ ملنے کا جواز دے کر سارا منصوبہ چوپٹ کر دیا مگر یو اے ای میں بھی میچز سے پاکستان کو بھاری آمدنی ہوگی۔

میڈیارپورٹ کے مطابق پی سی بی کے ایک اعلی عہدیدار نے بتایا کہ ٹکٹوں کی فروخت سے حاصل شدہ آدھی سے زیادہ رقم پاکستان کو ہی ملنی ہے، اس حوالے سے معاملات پر اتفاق ہو چکا جلد امارات کرکٹ بورڈ سے تحریری معاہدہ بھی کر لیا جائے گا، دبئی کرکٹ سٹیڈیم میں 25 ہزار سے زائد شائقین کی گنجائش ہے، ماضی میں بھی پاک بھارت میچز کے دوران تل دھرنے کی جگہ نہیں ہوتی تھی۔اب بھی یہی امکان ہے، یو اے ای میں مقیم پاکستانی اور بھارتی باشندوں کے ساتھ دیگر ممالک سے بھی بڑی تعداد میں شائقین دبئی آئیں گے، بھارتی ٹیم کے دیگر میچز میں بھی مداحوں کی بڑی تعداد پہنچے گی۔ذرائع کے مطابق آئی سی سی کی جانب سے ٹکٹوں کے نرخ اور فروخت کا شیڈول جلد جاری کیے جانے کا امکان ہے، بھارتی ٹیم اگر ناک آئوٹ میچز میں پہنچی تو پاکستان کی آمدنی پر فرق پڑے گا، خاص طور پر فائنل کا لاہور میں انعقاد نہ ہونا شائقین کیلئے بھی مایوس کن ہوگا۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی