محمد رضوان وولوز کے کپتان کے طور پر چیمپئنز ون ڈے کپ میں اپنے مینٹور مصباح الحق کے ساتھ پیش قدمی شروع کریں گے۔ وولوز کو ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں پینتھر کا مقابلہ کرنا ہے،رضوان نے کہا کہ چیمپیئنز ون ڈے کپ جیسے انتہائی مسابقتی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ کو فیصل آباد میں منعقد ہوتے دیکھنا خوشی کی بات ہے، میں وولوز کی قیادت کرنے پر پرجوش ہوں جو ہوم ٹیم بھی ہے اور ہماری اکیڈمی بھی اسی شہر میں قائم ہے۔ کپتان رضوان نے اس توقعکا اظہار کیا کہ مقامی کرائوڈ ان کی ٹیم کے قدم بقدم ہوگا اور یہ حمایت وولوز کے لیے اہم ہو گی کیونکہ وہ اپنے ہوم گرائونڈ میں شان و شوکت حاصل کرنا چاہتے ہیں،انہوں نے کہا کہ ٹورنامنٹ کے دوران وولوز کی حمایت کرنے والے مقامی شائقین کا بیتابی سے منتظر ہوں اور مجھے لگتا ہے کہ وہ ہمارے لیے 12ویں کھلاڑی کے طور پر کام کرنے جا رہے ہیں۔ اللہ تعالی کی مدد سے ہم اس ٹورنامنٹ میں اچھی کارکردگی دکھانے کی پوری کوشش کریں گے۔ رضوان نے آئندہ چیمپئنز ون ڈے کپ میں مسابقتی ماحول کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ عام طور پر ہمیں ڈومیسٹک مقابلوں اور ٹیموں میں بین الاقوامی اور نوجوان کھلاڑیوں کا ایسا متحرک امتزاج نظر نہیں آتا لیکن چیمپئنز ون ڈے کپ اس حوالے سے نمایاں ہے کیونکہ تمام ٹیموں کے پاس متعدد بین الاقوامی، ڈومیسٹک اور نوجوان کھلاڑی ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی