انگلینڈ کے خلاف 3ٹیسٹ پر مشتمل سیریز کے اسکواڈ کا اعلان ہونے کے حوالے سے چیف سلیکٹر محمد وسیم نے کہا کہ فواد عالم ایک فائٹر ہے، اس نے طویل عرصے بعد قومی ٹیم میں واپسی کے بعد اچھی پرفارمنس دکھائی ہے، نجی ٹی وی پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ تاہم حالیہ 3 سیریز میں وہ صرف ایک 50کرسکے ہیں، قائد اعظم ٹرافی میں بھی انہوں نے اوسط درجے کی کارکردگی دکھائی جس کے بعد ہم نے سعود شکیل کو اسکواڈ میں رکھنے کا فیصلہ کیا،محمد وسیم نے کہا کہ ہم اس بات سے بخوبی آگاہ ہیں کہ انگلینڈ کی کرکٹ ٹیم اب ٹیسٹ کرکٹ میں بھی جارحا نہ انداز کے ساتھ کھیلتی دکھائی دے رہی ہے اور یہ بات ہمیں یاد رکھنی چاہیے،انہوں نے اس بات سے اتفاق کیا کہ ٹیسٹ کرکٹ میں ہماری ٹیم کو رن اوسط کے معاملے میں مزید بہتری لانے کی ضرورت ہے اور تیز کھیلنے کی بات ہمارے بیٹرز کے مفاد میں ہی ہوگی کیونکہ اب کھیل کا انداز بدل رہا ہے،چیف سلیکٹر نے اس بات کو تسلیم کیا کہ پاکستان ٹیم عموما 2سے ڈھائی رن اوسط کے ساتھ ٹیسٹ اننگز میں رنز بناتی ہے جبکہ اب ٹیسٹ کرکٹ میں ٹیمیں عموما 3سے ساڑھے 3کے حساب سے بیٹنگ کر رہی ہیں، محمد وسیم کا مزید کہنا تھا کہ انگلینڈ کے خلاف موجودہ ٹیسٹ اسکواڈ کو اس سوچ کو مد نظر رکھتے ہوئے منتخب کیا گیا ہے کہ ہم نے اسکور بورڈ کو بھی چلانا ہے اور آپ کو انگلینڈ کے خلاف سیریز میں یہ بات ہمارے بیٹرز کے کھیل سے بھی دکھائی دے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی