پاکستان کرکٹ بورڈ نے بنگلادیش کیخلاف ہوم میچز کی ٹیسٹ سیریز کیلئے ٹیم مینجمنٹ کا باضابطہ اعلان کردیا،بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کہا گیا ہے کہ ٹی20ورلڈکپ کے بعد سینئر منیجر وہاب ریاض اور اسسٹنٹ منیجر منصور رانا کو ہٹائے جانے کے بعد اس پوزیشن پر نوید اکرم چیمہ کو نیا منیجرمقرر کردیا گیا ہے۔نوید اکرم چیمہ گزشتہ برس 2023سے جنوری 2024تک پاکستان کے دورہ آسٹریلیا اور نیوزی لینڈ کے دوران ٹیم منیجر کے طور پر خدمات انجام دے چکے تھے، ان کی جگہ منصور رانا کو بعد کی سیریز کے لیے ٹیم میں شامل کیا گیا تھا۔آئی سی سی ورلڈکپ 2024میں پاکستان کی ناقص کارکردگی کے بعد منصور رانا اور سینئر ٹیم منیجر وہاب ریاض دونوں کو اسکواڈ کے اندر نظم و ضبط برقرار نہ رکھنے کی رپورٹس منظر عام پر آنے کے بعد عہدوں سے فارغ کردیا گیا تھا۔ٹیم مینجمنٹ میں نوید اکرم چیمہ کیساتھ ٹیسٹ ٹیم کے ہیڈکوچ جیسن گلیسپی، اسسٹینٹ کوچ اظہر محمود شامل ہیں۔واضح رہے کہ بنگلادیش اور پاکستان کے درمیان سیریز کا پہلا ٹیسٹ میچ 21سے 25اگست تک راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم جبکہ دوسرا میچ 30اگست سے 3ستمبر تک نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی