قومی ٹیم کے کپتان بابر اعظم کے والد اعظم صدیقی نے بیٹے پر تنقید کرنے والوں کو مشورہ دیا ہے،سوشل میڈیا پر بابر اعظم کے والد نے بیٹے کی کپتانی کے حوالے سے ایک ایڈیٹ شدہ تصویر شیئر کی، تصویر میں بابر کی قیادت میں پاکستان ٹیم کے اعزازات جن میں 2021کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے سیمی فائنل، 2022کے ٹی ٹوئنٹی ورلڈکپ کے فائنل اور ایشیا کپ کے فائنل تک کی رسائی نمایاں تھی،اس تصویر پر تبصرہ کرتے ہوئے بابر اعظم کے والد نے لکھا کہ تصویر کسی نے کیا ہی اچھی بنائی ہے ان لوگوں کے لیے(تنقید کرنے والوں کے لیے)، پاکستان کی طرف سے ان ریکارڈز کے ساتھ بابر کا ورلڈ ریکارڈ ہے، سب سے لمبے وقت تک ٹی ٹوئنٹی کا نمبر ون اور دو مرتبہ نمبر ون اور دو سنچریوں کا بھی،والد بابر اعظم نے لکھا کہ میرا خیال ہے کہ یہ سب کچھ حادثاتی طور پر نہیں ہوتا، اللہ کا کرم شدید محنت سے ممکن ہے، ہر وقت ایک جیسا وقت نہیں رہتا، برا تھا چلا گیا، پوری دنیا کے لیجنڈز بابر کی کپتانی کو سراہ رہے ہیں اور ہمارے ماضی کے لوگ بابر کو الٹے سیدھے مشورے دے رہے ہیں ان کو مشورہ ہے کہ آرام سے بیٹھیں،اعظم صدیقی نے بیٹے کا دفاع کرتے ہوئے مزید لکھا کہ بابر کا ریکارڈ ٹی ٹو ئنٹی میں اب تک کے تمام پاکستانی لیجنڈز سے اچھا ہے اور دعا ہے کہ اچھا ہی رہے، بابر اللہ کی رحمت سے کپتان بنا اور اللہ نے جب تک چاہا وہ کپتان رہے گا ان شا اللہ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی