کامیڈین گلوکار چاہت فتح علی خان نے یوٹیوب چینل سے اپنا وائرل گانا بدو بدی ڈیلیٹ کیے جانے کے ایک ہفتے بعد وضاحت کی ہے کہ انہوں نے ماضی کے مقبول گانے کو کاپی نہیں کیا۔چاہت فتح علی خان نے اپنی یوٹیوب ویڈیو میں بتایا کہ ان کے پاس مداحوں کے میسیجز اور فون کالز آ رہے ہیں کہ وہ بدو بدی کو یوٹیوب پر بحال کروانے کی کوشش کریں۔چاہت فتح علی خان نے کہا کہ مکمل کوشش کریں گے کہ ان کا گانا بدو بدی یوٹیوب پر بحال ہوجائے اور یہ کہ انہوں نے کسی گانے کو کاپی نہیں کیا۔انہوں نے بتایا کہ ان سے قبل ملکہ ترنم نورجہاں نے 50 سال قبل جو گانا گایا تھا وہ اکھ لڑی بدوبدی تھا جب کہ انہوں نے ہائے، ہائے، اوئے ہوئے بدو بدی ریلیز کیا ہے جو کہ پرانے گانے سے بالکل مختلف ہے۔ان کا کہنا تھا کہ انہوں نے مذکورہ معاملے پر مکمل تحقیق کی ہے اور ان کا گانا کاپی نہیں، ان کا گانا محض دو لائنوں پر مشتمل تھا جب کہ پرانا گانا بڑا ہے۔چاہت فتح علی خان نے کہا کہ جن کے پاس کرنے کے لیے کوئی کام نہیں تھا، انہوں نے ان کے گانے کو کاپی رائٹس کے تحت ہٹوایا۔انہوں نے مزید کہا کہ ملکہ ترنم نورجہاں نے مرد کے لیے گانا گایا تھا جب کہ انہوں نے خاتون کے لیے گانا گایا ہے اور ان کا گانا مختلف ہے، پرانے گانے کی کاپی نہیں، اسے یوٹیوب پر بحال کرانے کی کوشش کی جائے گی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی