بھارت کی وزارت کھیل نے 23 نومبر سے پاکستان میں کھیلے جانے والے ٹی ٹوئنٹی بلائنڈ کرکٹ ورلڈکپ کے چوتھے ایڈیشن میں شرکت کے لیے انڈین بلائنڈکرکٹ ٹیم کو این او سی جاری کردیا ۔بھارتی وزارت کھیل کی جانب سے کرکٹ ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ انڈیا کے سیکرٹری جنرل شری شائلندر یادیو کے بھیجے گئے خط میں دورہ پاکستان کی اجازت دیتے ہوئے کرکٹ ایسوسی ایشن آف دی بلائنڈ انڈیا کو دورہ پاکستان کے سلسلے میں مزیدکلیئرنس حاصل کرنے کے لیے بھارتی وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ سے رابطہ کرنیکے لییکہا گیا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی ٹیم کو ورلڈکپ میں شرکت کے لیے 1 2 نومبر کو لاہور پہنچنا ہے۔ بھارت اور پاکستان کی بلائنڈ کرکٹ ٹیموں کا میچ 25 نومبر کو لاہور میں شیڈول ہے۔پاکستان بلائنڈ کرکٹ کونسل کے چیئرمین سید سلطان شاہ نے بھارتی بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو وزارت کھیل کی جانب سے این او سی ملنے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ پاک بھارت مقابلے ہمیشہ شائقین کھیل کی بھرپورتوجہ حاصل کرتے ہیں۔ پاکستانی عوام میں ورلڈکپ کے دوران پاک بھارت میچ کے حوالے سے بہت جوش و خروش پایا جاتا ہے۔ سید سلطان شاہ کا کہنا تھا کہ ماضی میں بھی کرکٹ ڈپلومیسی سے دونوں ممالک کے مابین تعلقات میں نمایاں بہتری آئی تھی، اقوام متحدہ کے چارٹرڈ میں بھی تمام ممالک کے ڈس ایبل افراد کو خصوصی مواقع خاص کر کھیلوں کے حوالے سے اسپیشل مراعات فراہم کرنے پر زور دیا گیا ہے۔سید سلطان شاہ نے اس امید کا اظہارکیا ہیکہ بھارتی وزارت خارجہ و داخلہ کی جانب سے بھی انڈین بلائنڈ کرکٹ ٹیم کو دورہ پاکستان کے لیے جلد این او سی کا اجرا کردیا جائیگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی