معروف اداکارہ و ماڈل ہانیہ عامر کو بھارتی انٹرنیٹ صارفین کی جانب سے خوب سراہا جا رہا ہے۔اداکارہ ہانیہ عامر نے پڑوسی ملک، بھارت کی معروف کانٹینٹ کرئیٹر و اداکارہ ڈولی سنگھ کی ایک ویڈیو اپنے سوشل میڈیا اکائونٹ پر اپ لوڈ کرتے ہوئے ڈولی سنگھ کو سراہا جنہوں نے اپنی اس ویڈیو میں بھارتی ریاست کولکتہ میں 31 سالہ خاتون ڈاکٹر کے ساتھ ہونے والی اجتماعی زیادتی پر غصے اور اپنے سخت ردِ عمل کا اظہار کیا ہے۔ ڈولی سنگھ نے کہا کہ خواتین کو بہت مشورے دیے جاتے ہیں کہ انہیں اپنا خیال خود رکھنا چاہیے۔اداکارہ نے کہا ہے کہ جب بھی کسی عورت یا بچی کے ساتھ کچھ برا سلوک ہوتا ہے تو آخر میں متاثرہ کو ہی مجرم ٹھہرا دیا جاتا ہے۔ڈولی سنگھ کا کہنا ہے کہ عورت اپنا جتنا بھی دھیان رکھ لے مگر آخر میں پھر بھی کچھ نہ کچھ ہوجاتا ہے۔انہوں نے کہا ہمارے ملک میں صرف مرد آزاد ہے، ابھی عورت ذات آزاد نہیں ہوئی ہے۔ اس ویڈیو کو ہانیہ عامر کی جانب سے اپنے اکائونٹ پر شیئر کیے جانے پر بھارتی انٹرنیٹ صارفین اداکارہ کو داد دے رہے ہیں اور اپنے ملک کی اداکارائوں کی خاموشی پر سوال اٹھا رہے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی