گیانا میں بارش کی پیش گوئی کے باعث بھارت اور انگلینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کا سیمی فائنل میچ بارش سے متاثر ہونے کا خطرہ پیدا ہو گیا۔گیانا میں 27جون کو صبح سے لیکر شام چار بجے تک بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، جبکہ آئی سی سی کی جانب سے شیڈول سیمی فائنل کیلئے ریزرو ڈے بھی نہیں رکھا گیا۔سیمی فائنل میچ کیلئے 250منٹ کا اضافی وقت ہوگا اور واش آئوٹ ہونے کی صورت میں بھارت فائنل کیلئے کوالیفائی کر جائے گا، بھارت کو سپر 8گروپ ون میں پہلی پوزیشن کی بنیاد پر فائنل کا حقدار قرار دیا جائے گا۔آئی سی سی نے انڈین مارکیٹ کی وجہ سے انڈیا کا سیمی فائنل گیانا میں رکھا تھا، گیانا میں میچ مقامی وقت کے مطابق صبح میں شروع ہوگا جو بھارت میں شام کا وقت ہوگا۔ میچ کا آفیشل وقت صبح 10بجکر 30منٹ سے دوپہر 1بجکر 40 منٹ ہے، بارش کی وجہ سے اضافی وقت میں میچ 5بجکر 50منٹ تک جاری رہ سکتا ہے۔بھارت کے علاوہ اگر کوئی اور ٹیم گروپ 1سے ٹاپ کرتی تو وہ ٹرینیڈاڈ میں سیمی فائنل کھیلتی، ٹرینیڈاڈ میں ہونے والے سیمی فائنل کیلئے ریزرو ڈے موجود ہے۔ٹرینیڈاڈ کے سیمی فائنل کیلئے شیڈولڈ روز 60منٹ کا اضافی وقت ہوگا، ریزرو ڈے میں صرف 190منٹ کا وقت رکھا گیا ہے اور مزید اضافی وقت نہیں ہوگا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی