i کھیل

اشوِن نے آئی پی ایل میں اپنی ہی ٹیم کے اسٹیو اسمتھ کو بال کرانے سے منع کردیا تھا،محمد کیف کا انکشافتازترین

December 23, 2024

حال ہی میں انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کرنے والے کامیاب ترین بھارتی اسپن بولر روی چندرن اشوِن کے حوالے سے انکشاف سامنے آیا ہے کہ ایک مرتبہ انہوں نے آئی پی ایل فرنچائز کی ٹیم دہلی کیپیٹل کے ساتھی کھلاڑی اور آسٹریلین بیٹر اسٹیو اسمتھ کو نیٹ پریکٹس کے دوران بولنگ کرانے سے انکار کر دیا تھا۔ یہ انکشاف سابق بھارتی کرکٹر اور دہلی کیپیٹل ٹیم سے وابستہ محمد کیف نے کیا ہے ۔ بھارتی میڈیا کے مطابق کیف نے بتایا کہ ایک مرتبہ اشوِن پریکٹس کے دوران آسٹریلیائی کھلاڑی اسٹیو اسمتھ کو گیند نہیں کرانا چاہتے تھے۔اس کی وجہ یہ تھی کہ اسمتھ کے ہیلمٹ پر کیمرہ نصب تھا، اور اشوِن نہیں چاہتے تھے کہ وہ ٹی 20 ورلڈ کپ سے قبل اسٹیو اسمتھ ان کی جادوئی اسپن بولنگ کا راز اور ٹپس ریکارڈ کریں۔ محمد کیف کا کہنا تھا کہ اشوِن بطور ساتھی کھلاڑی اسمتھ کی مدد کرنے کے لیے تیار تھے لیکن ورلڈ کپ کے لیے نہیں۔خیال رہے کہ بھارت کے نامور اسپنر روی چندر اشوِن نے آسٹریلیا کے خلاف بارڈر گواسکر ٹرافی سیریز کے تیسرے میچ کے اختتام پر 18 دسمبر کو انٹرنیشنل کرکٹ سے ریٹائرمنٹ کا اعلان کردیا تھا۔ انہوں نے 106 ٹیسٹ میچز میں بھارت کی نمائندگی کرتے ہوئے 537 وکٹیں حاصل کیں جب کہ 116 ون ڈے انٹرنیشنل میں 156 اور 65 ٹی 20 انٹرنیشنل میں 72 وکٹیں حاصل کیں۔

کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی