رائٹر اور ڈرامہ نگار خلیل الرحمن قمر کا کہنا ہے کہ اس قوم کو دوسرا خلیل الرحمن قمر نہیں ملے گا۔نجی چینل کو انٹرویو میں خلیل الرحمن قمر نے کہا کہ بلھے شاہ بھی ایک ہی تھا ، سعادت حسن منٹو بھی ایک ہی تھا اور خلیل الرحمن قمر بھی ایک ہی ہے۔ اس قوم کو مجھ جیسا دوسرا نہیں ملے گا۔ اپنے ساتھ پیش آنے والے واقعے کے بعد دل برداشتہ ہو گیا ہوں۔خلیل الرحمن نے مزید کہا کہ وہ اب سوچ رہے ہیں کہ اس ملک میں مزید رہنا چاہیے یا نہیں۔ آج تک کبھی اس مٹی اور زمین سے نفرت نہیں ہوئی اور نہ ہی کبھی ایسا سوچا۔ خدا سے دعا ہے کہ ہمت عطا کرے کیونکہ میں اس مٹی کے بغیر نہیں رہ سکتا۔رائٹر کا کہنا تھا کہ ماریہ بی اسلامی اقدار کو بچانے جیسے بڑے مقصد کے لیے کام کررہی ہیں۔ اس کاز میں ، میں ماریہ بی کے ساتھ کھڑا ہوں۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا ماضی میں جو میں نے صبا قمر کے بارے میں کہا کہ صبا قمر ہمارے ملک کی بہترین اداکارہ ہیں مجھے ان کے بارے میں ایسا نہیں کہنا چاہیے تھا، وہ ان کے اور اللہ کے درمیان کا معاملہ ہے۔اس کے ساتھ ہی انہوں نے یہ بھی کہا کہ ماہرہ خان کے بیان پر اب بھی 200 فیصد قائم ہوں ان کے ساتھ ایک فلم کر رہا ہوں بس اتنا ہی کافی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی