i کھیل

اریٹیریاکے سائیکل سوار بینیم جرمے نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا تیسرا مرحلہ اپنے نام کر لیاتازترین

July 02, 2024

اریٹیریا کے سائیکل سوار بینیم جرمے نے ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا تیسرا مرحلہ جیت لیا۔ سپین سے ٹورڈی فرانس سائیکل ریس کے 111 ویں ایڈیشن کا آغاز ہوچکا ہے۔ جس میں دنیا بھر کی سائیکلنگ کی 22ٹیموں کے نامور سائیکل سوار ٹائٹل کے حصول کے لئے کوشاں ہیں۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کے تیسرے مرحلے میں سائیکل سواروں نے اٹلی میں پیئچنزاسے ٹورن تک کا 230.8 کلو میٹر فاصلہ طے کرنا تھا۔24 سالہ اریٹیریا کے سائیکل سوار بینیم جرمے نے عمدہ سائیکلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 230.8 کلومیٹر کا فاصلہ 5 گھنٹے 26منٹ اور 48 سیکنڈز میں طے کرکے پہلی پوزیشن حاصل کی۔کولمبین سائیکلسٹ فرنینڈو گاویریا نے دوسری جبکہ بیلجیئم کے سائیکل سوار ارناڈ ڈی لیر نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔تیسرے مرحلے کے اختتام پر ایکواڈور کے سائیکل سوار نے سلووینیا کے سائیکلسٹ تڈیج پوگاآر سے یلو جرسی چھین لی ہے ۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 21 مرحلوں پر محیط ہے جس میں سائیکل سوار 3,498کلو میٹر کا سفر طے کریں گے ۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں 22 ٹیمیں ٹائٹل کے حصول کے لئے ایکشن میں ہیں ۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس 24 روز جاری رہنے کے بعد 21 جولائی کو اختتام پذیر ہوگی۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس میں ٹیم جمبو ویزما کے ڈینش سائیکل سوار جوناس ونجیگارڈ راسموسن اپنے اعزاز کا دفاع کے لئے کوشاں ہیں ۔ ٹور ڈی فرانس سائیکل ریس کا پہلا ایڈیشن پہلی مرتبہ 1903میں ہوا جو فرانسیسی سائیکل سوار مورس فرانسس گارین نے جیتا تھا۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی