اولمپیئن صدف صدیقی انٹرنیشنل اولمپک کمیٹی(آئی او سی) کے زیراہتمام اور پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن(پی او اے) کے تعاون سے جنرل کنڈیشننگ میں انٹرنیشنل کوچنگ کورس کامیابی سے مکمل کرنے والی پاک آرمی کی پہلی خاتون ایتھلیٹ بن گئیں۔ اس کورس میں چار براعظموں کے 17 ممالک کے انیس کھلاڑیوں اور آفیشلز نے شرکت کی جو اولمپک کھیلوں کے دس مختلف شعبوں میں مہارت رکھتے تھے۔اولمپین صدف صدیقی نے کورس میں پاکستان کی نمائندگی کی جبکہ ہنگری یونیورسٹی آف اسپورٹس سائنسزنے گریجویشن تقریب کی میزبانی کی۔آئی او سی کورس مکمل کرنے پر صدف صدیقی نے کہا کہ پاکستان اولمپک ایسوسی ایشن اور آرمی سپورٹس ڈائریکٹوریٹ کی بھرپور سپورٹ کے باعث انہیں اپنی صلاحیتوں کو مزید نکھارنے کیلے یہ پلیٹ فارم ملا اور وہ آئندہ بھی ملک کا نام روشن کرتی رہیں گی۔ گریجویشن تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتی مشنوں کے نمائندوں، ہنگری یونیورسٹی آف اسپورٹس سائنس کے وائس ریکٹر برائے تعلیم ڈاکٹر ہیبیل آکوس سیرنی، جنرل وائس ریکٹر ڈاکٹر کسبا اوکروس، بین الاقوامی تعلقات کی ڈائریکٹر ڈینیسا بلانار، اور بین الاقوامی تربیتی کوآرڈینیٹر نورا سزیلز سمیت دیگرنے شرکت کی۔ صدف صدیقی قومی ایونٹس میں پاک فوج کی نمائندگی کرتی ہے جبکہ اولمپک گیمز، کامن ویلتھ گیمز، ایشین گیمز، سیف گیمز سمیت دیگر بین الاقوامی کھیلوں کے مقابلوں میں پاکستان کی نمائندگی کی چکی ہیں۔
کریڈٹ : انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی