شائقین کرکٹ کے انتظار کی گھڑیاں ختم، پی ایس ایل 10 کا آج (جمعہ)سے آغاز ہو رہا ہے جس کیلئے تمام تر تیاریاں مکمل کرلی گئیں،پی ایس ایل کے 10ویں ایڈیشن کی افتتاحی تقریب راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگی۔ پاکستان کرکٹ بورڈ کی جانب سے جاری کردہ اعلامیے کے مطابق افتتاحی تقریب شام 7 بجے شروع ہو گی جس میں معروف گلوکار اپنی فارمنس کا جادو جگائیں گے۔ افتتاحی تقریب میں معروف صوفی میوزک آرٹسٹ عابدہ پروین کی پرفارمنس کے ساتھ ینگ سٹارز کی پرفارمنس بھی پیش کی جائے گی۔اسکے علاوہ پی ایس ایل ترانے کیلئے علی ظفر، ابرار الحق، نتاشا بیگ اور طلحہ انجم بھی اپنی آواز کا جادو جگائیں گے، تقریب کے دوران شائقین کو شاندار آتش بازی کا مظاہرہ بھی دیکھنے کو ملے گا۔ ٹیموں دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ، کراچی کنگز، لاہور قلندرز، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز، پشاور زلمی اور ملتان سلطانز نے ایونٹ میں بہترین کارکردگی پیش کرنے کے لیے تیاریاں مکمل کر لی ہیں۔
آ ج (جمعہ کو) دفاعی چیمپئن اسلام آباد یونائٹیڈ اور 2 مرتبہ کی چیمپئن لاہور قلندرز کے درمیان پنڈی سٹیڈیم میں افتتاحی معرکے سے دلچسپ مقابلوں کا آغاز ہو گا۔ ملک کے چار شہروں کراچی، لاہور، راولپنڈی اور ملتان میں گروپ رائونڈ سمیت مجموعی طور پر 34 میچز ہوں گے، ایلیمنیٹر اور فائنل سمیت 13 میچز لاہور کے قذافی سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔پنڈی سٹیڈیم کوالیفائر سمیت 11 میچز کی میزبانی کرے گا، ملتان اور کراچی میں 5،5 میچز طے ہیں، کراچی کنگز اپنے ابتدائی تمام 5 میچز نیشنل سٹیڈیم کراچی میں کھیلے گی۔ہر ٹیم گروپ مرحلے میں زیادہ سے زیادہ پوائنٹس حاصل کر کے سرفہرست رہنے کی کوشش کرے گی، بعد ازاں 13 مئی کو پنڈی میں کوالیفائر، 14 مئی کو لاہور میں پہلا ایلیمنیٹر اور 16 مئی کو لاہور ہی میں دوسرا ایلیمنیٹر ہو گا، پھر 18 مئی کو قذافی سٹیڈیم میں فائنل سے ٹرافی کے فاتح کا فیصلہ ہو جائے گا۔ لیگ میں پہلی مرتبہ اردو کمنٹری کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی