انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کی فروخت میں ایک بار پھر پی سی بی کی توقعات پوری نہ ہو سکیں، اس بار تو سابقہ منسوخ شدہ بڈ سے بھی آدھی رقم کی آفر سامنے آئی،نجی ٹی وی کے مطابق چند ماہ قبل پاکستان کرکٹ بورڈ نے3سالہ انٹرنیشنل میڈیا رائٹس کیلیے تقریبا 21ملین ڈالر کی غیر منطقی ریزرو پرائس مختص کی،ایک پاکستانی میڈیا گروپ اور نجی کمپنی کے کنسورشیئم نے مل کر بڈنگ میں حصہ لیا،غیرملکی کمپنیز ولو اور اسپورٹس فائیو بھی اس عمل میں شریک ہوئیں،اسپورٹس فائیو نے سب سے بڑی 7.8ملین ڈالر کی بڈ دی،پاکستانی کمپنیز کی بڈتقریبا 4.1اور ولو کی2.25ملین رہی، ریزرو پرائس میچ نہ ہونے پر بورڈ نے شریک پارٹیز کو پرائس بڑھانے کا کہتے ہوئے بڈنگ کے دوسرے رائونڈ کا انعقاد کیا، اسپورٹس فائیو نے دوسرے مرحلے میں اپنی سابقہ پیشکش 7.8ملین میں کوئی اضافہ نہ کیا،پاکستانی کمپنیز نے اپنی پیشکش تقریبا دگنی کرتے ہوئے 7.85تک بڑھاتے ہوئے بڈ جیت لی، مگر پی سی بی نے اس بار بھی ریزرو پرائس تک کسی کے نہ پہنچنے پر سب کی بڈز مسترد کر دیں، پھر صرف نیوزی لینڈ سے ہوم سیریز اور ویسٹ انڈیز سے ویمنز سیریز کیلیے دوبارہ ٹینڈرنگ ہوئی، اس میں فاتح دونوں پاکستانی کمپنیز کی مشترکہ بڈ 99ہزار ڈالر (تقریبا 2کروڑ 76لاکھ روپے)رہی، ولو نے 75ہزار اور اسپورٹس فائیو نے 50ہزار کی بڈ دی،حال ہی میں پی سی بی نے دوبارہ 2024-26کی 3سالہ مدت کیلیے انٹرنیشنل میڈیا رائٹس فروخت کرنے کی کوشش کا آغاز کیا، پاکستان ٹیم اس دوران 61میچز کھیلے گی، ان میں 11ٹیسٹ،26ون ڈے اور24ٹی ٹوئنٹی شامل ہیں،آئی سی سی کے سابق کمرشل منیجر کیمبل جیمیسن نے بھی معاونت فراہم کی، اس کے باوجود بورڈ کی توقعات پوری نہ ہو سکیں، آئی ایم جی نے مشروط بڈ دی، ایک پاکستانی میڈیا گروپ اور نجی کمپنی کی مشترکہ بڈ ساڑھے تین سے چار ملین ڈالر کے آس پاس رہی، یوں پی سی بی کو مسترد شدہ سابقہ بڈ سے 50فیصد کم رقم آفر ہوئی، ایک بار پھر عمل منسوخ کرتے ہوئے دیگر دستیاب آپشنز پر عمل کیا جائے گا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی