انگلینڈ کرکٹ ٹیم نے ویسٹ انڈیز کے خلاف سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں منفرد عالمی ریکارڈ قائم کر دیا،ٹرینٹ برج میں ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کی ٹیمیں 3میچز پر مشتمل سیریز کے دوسرے ٹیسٹ میں مدمقابل ہیں،جمعرات کو ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر انگلینڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی، انگلش ٹیم نے دعوت قبول کرتے ہوئے میچ میں وہ کر دیا جو ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں آج سے پہلے کبھی نہیں ہوا،برینڈن مکولم کے کوچ بننے کے بعد ٹیسٹ کرکٹ میں اپنی جارحانہ بیٹنگ کی حکمت عملی سے مشہور ہونے والی انگلش کرکٹ ٹیم نے ٹیسٹ کرکٹ میں تیز ترین ٹیم کی ففٹی بنانے کا ریکارڈ قائم کر دیا،ویسٹ انڈیز کے خلاف انگلش ٹیم کی اننگز کا آغاز ہوا تو زیک کرالی تو صفر پر آئوٹ ہوئے لیکن بین ڈکٹ اور اولی پوپ نے جارحانہ بیٹنگ کرتے ہوئے صرف 4.2اوورز (26گیندوں)میں ٹیم کا اسکور 50رنز تک پہنچا دیا۔یہ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ میں کسی بھی ٹیم کی جانب سے تیز ترین ففٹی اسکور ہے،اس سے قبل انگلینڈ نے ہی 1994میں جنوبی افریقا کے خلاف 4.3اوورز میں 50رنز مکمل کیے تھے،واضح رہے کہ انگلینڈ کی ٹیم ویسٹ انڈیز کے خلاف دوسرے ٹیسٹ میں پہلے دن کے اختتام پر416 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی ہے،انگلش ٹیم کو 3میچزکی سیریز میں ایک صفر کی برتری حاصل ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی