پاکستان کے ساتھ سات میچوں کی ٹی 20 سیریز کھیلنے والے انگلش کھلاڑی پاکستانیوں کی مہمان نوازی کی تعریف کئے بغیر نہ رہ سکے،7میچز کی ٹی ٹوئنٹی سیریز اپنے نام کرنے کے بعد انگلینڈ کرکٹ اسکواڈ واپسی کے لیے روانہ ہوچکا ہے تو دوسری جانب انگلینڈ کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا شکریہ ادا کیا ہے،ٹوئٹر پر جاری بیان میں انگلینڈ بورڈ کی جانب سے مختلف تصاویر شیئر کرتے ہوئے پاکستان اور کرکٹ فینز کا شکریہ ادا کیا گیا ہے،تصاویر میں کرکٹ فینز کو انگلینڈ کا جھنڈا اٹھائے تو کہیں ٹیم سے محبت کا اظہار کرتے دیکھا جاسکتا ہے،انگلش کرکٹ بورڈ نے پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ 17سال کے انتظار کے بعد قابل تعریف سیریز رہی اور پاکستان کے لوگوں نے والہانہ استقبال کیا،دوسری جانب انگلینڈ کے کھلاڑی بھی سوشل میڈیا پر پیغامات کے ذریعے پاکستان کا شکریہ ادا کرنا نہ بھولے،انگلش بلے باز ڈیوڈ ملان نے بھی پاکستان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے سیریز کی تعریف کی اور لکھا کہ پاکستان میں سکیورٹی کے انتظامات بہترین تھے، یہاں کھیلنے کا تجربہ اچھا رہا، بین ڈکٹ نے بھی کھلاڑیوں کے ہمراہ تصویر شیئر کرتے ہوئے پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی