انگلینڈویمن نے دوسرے ٹی ٹونٹی بین الاقوامی کرکٹ میچ میں نیوزی لینڈ ویمن کو 15رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2کی برتری حاصل کر لی۔برطانوی خواتین ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ نے عمدہ بیٹنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کی فتح میں اہم کردار ادا کیا اور میچ کی بہترین کھلاڑی قرار پائیں ۔ ہیتھر نائٹ نے مسلسل دوسرے میچ میں مین آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا۔نیوزی لینڈ کی ویمن ٹیم 150رنز ہدف کے تعاقب میں مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں کے نقصان پر 134رنز بناسکی۔ جمعہ کو سیکسٹن اوول، نیلسن میں کھیلے گئے پانچ میچوں کی سیریز کے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان خواتین ٹیم کی کپتان سوزی بیٹس نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔انگلینڈ ویمن نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 7وکٹوں کے نقصان پر 149رنز بناکر نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم کو میچ میں کامیابی کے لئے 150رنز کا ہدف دیا۔کپتان ہیتھرنائٹ نے عمدہ بلے بازی کرتے ہوئے ناقابل شکست 56رنز کی اننگز کھیلی،دیگر کھلاڑیوں میں ٹامی بیومونٹ 19، شارلٹ ڈین 16،ڈینیئل گبسن 14، سارہ گلین ناقابل شکست 13جبکہ مایا بائوچیر نے 12رنزبنائے۔ نیوزی لینڈ کی سوفی ڈیوائن اور روزمیری مائر نے دو، دو جبکہ جیس کر ،فران جونز اور لیہ طہہو نے ایک ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ جواب میں برطانوی بائولرز کی عمدہ بائولنگ کے باعث میزبان نیوزی لینڈ کی خواتین ٹیم مطلوبہ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے مقررہ 20اوورز میں 8وکٹوں پر 134رنز بناسکی۔نیوزی لینڈ ٹیم کی امیلیا کیر44رنز بناکر نمایاں رہی ۔کپتان سوزی بیٹس نے 19رنز بنائے۔انگلینڈ کی لارین بیل اور شارلٹ ڈین نے 2،2جبکہ ڈینیئل گبسن،لنسی سمتھ اور سارہ گلین نے ایک، ایک کھلاڑی کو آئوٹ کیا۔ یوں انگلینڈ کی ویمن ٹیم نے دوسرے ٹی ٹونٹی میچ میں میزبان نیوزی لینڈ کو 15رنز سے شکست دے کر پانچ میچوں کی سیریز میں 0-2کی برتری حاصل کرلی۔ برطانوی ویمن ٹیم کی کپتان ہیتھر نائٹ کو عمدہ بیٹنگ پر میچ کی بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی