انگلینڈ کے سابق کرکٹر گراہم تھورپ کے اہلخانہ نے انکشاف کیا ہے کہ ان کی موت خودکشی کے باعث ہوئی ہے۔ گراہم تھورپ کی اہلیہ امانڈا نے ایک انٹرویو میں کہا کہ وہ حالیہ برسوں سے ڈپریشن کا شکار تھے ۔انہوں نے کہا کہ ڈپریشن اور بے چینی کے باعث سابق کرکٹر نے خودکشی کی،گراہم تھورپ کی موت کی خبر کی تصدیق انگلینڈ کرکٹ بورڈ (ای سی بی)نے گزشتہ ہفتے کی تھی تاہم ان کی اہلیہ اور بیٹیوں نے بتایا کہ گراہم تھورپ کی موت خودکشی کے باعث ہوئی۔سابق کرکٹر کی اہلیہ نے مزید کہا کہ گزشہ کچھ برسوں سے گراہم شدید ڈپریشن اور بے چینی کا شکار تھے جس کی وجہ سے انہوں نے اس سے قبل مئی 2022میں اپنی جان لینے کی کوشش کی جس کے باعث انہیں لمبے عرصے تک آئی سی یو میں رہنا پڑا،انہوں نے کہا کہ امید کی کرن کے باوجود گراہم ڈپریشن اور بے چینی کا شکار رہے جو کبھی کبھی شدید ہو جاتی تھی ۔ ہم نے بطور اہلخانہ ان کی مدد کی اور ان کا کافی علاج کروایا لیکن بدقسمتی سے کچھ کام نہ آیا۔امانڈا گراہم نے مزید کہا کہ گراہم کرکٹ فیلڈ پر ذہنی طور پر مضبوط مانے جاتے تھے اور ان کی جسمانی صحت بھی بہت اچھی تھی لیکن ذہنی بیماری حقیقی بیماری ہے اور کسی پر بھی اثر انداز ہو سکتی ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی