ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل ورلڈ کپ 2024ء میں9جون کو روایتی حریف ٹیموں پاک بھارت ٹاکرے سے قبل دہشت گردی کے حملے کی دھمکیوں کے پیش نظر سیکیورٹی بڑھا دی گئی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق دھمکی آمیز رپورٹس کے سامنے آنے کے بعد سیکیورٹی بڑھانے کا فیصلہ کیا گیا جبکہ ان رپورٹس کے حوالے سے ابھی کوئی ثبوت نہیں ملا ہے۔ نیویارک گورنر آفس کی جانب سے جاری کیے گئے بیان میں کہا گیا ہے کہ صورت حال پر نظر رکھی ہوئی ہے اور انٹیلی جنس رپورٹ کے مطابق ابھی دہشت گردی کا کوئی خطرہ نہیں ہے۔نیویارک کی گورنر کیتھی ہوچول کا کہنا ہے کہ میں قانون نافذ کرنے والے حکام کے ساتھ مل کر اس بات کو یقینی بنانے کے لیے کام کر رہی ہوں کہ ایونٹ کسی ناخوشگوار واقعے کے بغیر مکمل ہو جائے۔ انہوں نے کہا کہ عوامی تحفظ میری اولین ترجیح ہے اور ہم اس بات کو یقینی بنانے کے لیے پرعزم ہیں کہ کرکٹ ورلڈ کپ محفوظ اور یادگار ثابت ہو گا۔دوسری جانب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے بھی اس حوالے سے بیان جاری کیا ہے اور کہا ہے کہ ایونٹ کے دوران تمام مقامات پر سیکیورٹی سخت ہو گی۔ آئی سی سی کے ایک ترجمان نے کہا ہے کہ سب کی حفاظت ہماری اولین ترجیح ہے اور ایونٹ کے لیے ہمارے پاس ایک جامع اور مضبوط سیکیورٹی پلان موجود ہے۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ ہم میزبان ممالک کے حکام کے ساتھ مل کر کام کرتے ہیں اور عالمی منظر نامے کی مسلسل نگرانی اور جائزہ لیتے ہیں۔واضح رہے کہ ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے دوران نیو یارک میں ایک تنظیم کی جانب سے حملے کی دھمکی کی رپورٹس سامنے آئی تھیں۔دہشت گرد گروپ نے حملوں کی دھمکی کے حوالے سے ویڈیو بھی جاری کی۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی