بالی ووڈ کے معروف اداکار وجے راز نے الزام عائد کیا ہے کہ ساتھی اداکار اجے دیوگن کو سیٹ پر ہیلو نہ کہنے پر انہیں فلم سن آف سردار 2 سے نکال دیا گیا۔بھارتی میڈیا کے مطابق وجے راز نے حال ہی میں بتایا کہ میں سن آف سردار 2 کے سیٹ پر وقت سے پہلے پہنچ گیا تھا، میں نے اجے دیوگن کو ہیلو نہیں کیا کیونکہ وہ مصروف تھے اور میں پھر سیٹ پر موجود اپنے دوستوں سے بات کرنے لگ گیا۔ تاہم 30 منٹ بعد فلم کے پروڈیوسر کمار منگت میرے پاس آئے اور کہا کہ آپ فلم سے نکل جائیں، ہم آپ کو نکال رہے ہیں۔وجے راز کا کہنا تھا کہ میری طرف سے صرف یہ کوتاہی ہوئی کہ میں نے سیٹ پر اجے دیوگن کو ہیلو نہیں کیا ۔دوسری جانب پروڈیوسر کمار منگت نے وجے راز کے الزام کو مسترد کر تے ہوئے کہا کہ وجے کو کاسٹ اور عملے کے ساتھ بدتمیزی کرنے پر فلم سے نکالا گیا ہے، وجے نے بڑے کمرے اور ایک وینٹی وین کا بھی اضافی مطالبہ کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اجے دیوگن وہ شخص نہیں جو لوگوں کے ہیلو ہائے کا انتظار کرتا ہے۔ وہ تخلیقی دماغ والے لوگوں سے گھرا رہنا پسند کرتا ہے اور ہر ایک کے ساتھ احترام سے پیش آتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی