افغانستان کرکٹ ٹیم کے اوپننگ بیٹر عثمان غنی نے کرکٹ بورڈ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کرکٹ سے بریک لے لیا۔سوشل میڈیا پر عثمان غنی نے لکھا کہ بہت غور و فکر کے بعد میں نے افغانستان کرکٹ سے بریک لینے کا فیصلہ کیا ہے، کرکٹ بورڈ کی بدعنوان قیادت نے مجھے پیچھے ہٹنے پر مجبور کیا۔عثمان غنی نے لکھا کہ میں اپنی محنت جاری رکھوں گا اور صحیح انتظامیہ اور سلیکشن کمیٹی کا انتظار کروں گا۔افغان کرکٹر نے لکھا کہ ایک بار ایسا ہونے کے بعد میں پھر سے فخر کے ساتھ افغانستان کے لیے کھیلوں گا۔ متعدد مرتبہ جانے کے باوجود چیئرمین سے ملاقات نہیں کر سکا کیونکہ وہ دستیاب نہیں تھے۔عثمان غنی نے مزید لکھا کہ چیف سلیکٹر کے پاس مجھے تمام فارمیٹس سے باہر رکھنے کا کوئی تسلی بخش جواب نہیں تھا۔واضح رہے کہ عثمان غنی 17 ون ڈے اور 35 ٹی ٹوئنٹی انٹرنیشنل میچز کھیل چکے ہیں، انہوں نے 27 مارچ کو شارجہ میں پاکستان کے خلاف آخری ٹی ٹوئنٹی جبکہ گزشتہ سال جنوری میں نیدرلینڈز کے خلاف آخری ون ڈے میچ کھیلا تھا۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی