معروف گلوکار علی ظفر نے اولمپکس میں جیولن تھرو کے مقابلوں میں گولڈ میڈل جیت کر تاریخ رقم کرنے والے ارشد ندیم کے لیے 10 لاکھ روپے کا اعلان کر دیا۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر پیغام جاری کرتے ہوئے گلوکار نے انفرادی طور پر پاکستان کے لیے پہلا طلائی تمغہ جیتنے والے ایتھلیٹ کے لیے بڑا اعلان کر دیا۔انہوں نے ارشد ندیم کو مبارک باد پیش کرتے ہوئے لکھا کہ میں علی زی فانڈیشن کی جانب سے ان کے لیے ایک ملین کے انعام کا اعلان کرتا ہوں۔انہوں نے لکھا کہ آئیے اپنے ہیروز کی کامیابی کا وہ جشن مناتے ہیں ، جس کے وہ مستحق ہیں۔انہوں نے اپنے پیغام میں حکومت پاکستان اور وزیر اعظم شہباز شریف سے درخواست کرتے ہوئے مزید لکھا کہ میں حکومتِ پاکستان سے درخواست کرتا ہوں کہ وہ ان کا ہیرو کی طرح استقبال کریں اور ان کے نام پر اسپورٹس اکیڈمی قائم کریں۔علی ظفر کے مطابق اگر ہمارے ایتھلیٹس اور کھلاڑیوں کو وہ سپورٹ ملنا شروع ہو جائے جس کے وہ مستحق ہیں تو ہم سال میں 10 گولڈ جیت سکتے ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی