آل پاکستان انٹر یونیورسٹیز مینز آرچری چمپئن شپ 27 جنوری سے کراچی میں شروع ہوگی، اقرایونیورسٹی کی میزبانی میں شیڈول کی گئی چیمپئن شپ کے انعقاد کی تیاریاں جاری ہیں،ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے اشتراک سے اس میگا آرچری ایونٹ کا انعقاد 27سی29جنوری تک کیا جائے گا،اس سلسلے میں اقرا یونیورسٹی کے صدر اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر وسیم قاضی نے بتایا کہ اقرا یونیورسٹی طلبا کی تعلیم کیساتھ ساتھ ان کی جسمانی تن درستی اور صحت مندانہ سرگرمیوں،جیسے کھیل اور دیگر ایونٹس کے لیے اپنے عزم پر فخر کرتی ہے۔اقرا یونیورسٹی ملک میں ہونیوالے اعلی کھیلوں کے مقابلوں کے لیے مکمل تعاون،سہولیات اوروینیو فراہم کرتی ہے،جس کا مقصد طلبا کے لئے غیر نصابی سرگرمیوں کی مکمل حوصلہ افزائی ہے۔ انہوں نی کہا کہ مجھے امید ہے کہ اقرا یونیورسٹی کی میزبانی میں آل پاکستان ایچ ای سی انٹر ورسٹی مینز آرچری چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے قومی سطح کے نامور کھلاڑی اورآفیشلزکے لئے یہ ایک یادگار ایونٹ ہوگا ۔ انہوںنے کہاکہ ایونٹ کے شاندار انعقاد کے سلسلے میں متعدد کمیٹیاں تشکیل دی جا رہی ہیں جس کے لئے ڈائریکٹر اسپورٹس اقرا یونیورسٹی شیراز موہانی کو خصوصی ہدایات بھی جا ری کر دی گئی ہیں۔ جو یونیورسٹیز اس میگا ایونٹ میں شرکت کریں گی ان میں یونیورسٹی سینٹرل پنجاب،یونیورسٹی آف لاہور،پنجاب یونیورسٹی،بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان،لاہور گیریڑن یونیورسٹی،میزبان اقرا یونیورسٹی،آئی بی اے،کراچی یونیورسٹی،یونیورسٹی آف ویٹرنری اینڈ اینیمل سائنسز،ڈا یونیورسٹی اور اسلامیہ یونیورسٹی بہاولپور شامل ہیں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی