i کھیل

آئی پی ایل نے بھارتی کرکٹ کو بدل کر رکھ دیا،شاہد آفریدیتازترین

October 09, 2023

سابق اسٹار آل رائونڈر شاہد آفریدی نے کہاہے کہ انڈین پریمیئر لیگ (آئی پی ایل )نے بھارتی کرکٹ کو تبدیل کرکے رکھ دیا ہے، نجی ٹی وی کے شو میں گفتگو کرتے ہوئے شاہد آفریدی نے کہا کہ کرکٹ کا معیار تبدیل ہوگیا ہے اور بھارت کی آبادی ڈیڑھ ارب ہے، پہلے کہاجاتا تھا کہ بیٹسمین بھارت اور بولر پاکستان سے آتے ہیں لیکن پاکستان سے بولرز اور بیٹسمین دونوں آتے رہے ہیں ،سابق کپتان نے کہا کہ بھارتی بولرز نے اب گوشت کھانا شروع کردیا ہے تو تھوڑے تگڑے ہوگئے ہیں اور پھر آئی پی ایل نے بھارت کی کرکٹ کو تبدیل کردیا ہے۔انہوں نے کہا کہ گنگولی کے بعد دھونی نے سینئر کھلاڑیوں کو اچھے طریقے سے چلایا، یہ درست ہے کہ دھونی کی کپتانی میں بھارتی کرکٹ کا انداز بدلا،اس کے بعد آئی پی ایل یعنی بھارت کو ڈومیسٹک کرکٹ کے ذریعے کافی ٹیلنٹ ملا کیوں کہ بھارت نے صحیح جگہ انویسٹمنٹ کی، انہوں نے راہول ڈریوڈ جیسے بڑے کھلاڑی کو نیچے لاکر پوری ڈومیسٹک کرکٹ ان کو سونپ دی کیوں کہ راہول ڈریوڈ کو پتا ہے کہ ایک بڑے کھلاڑی کو شروعات سے کن چیزوں کی ضرورت ہوتی ہے، یہ کہیں کہ بھارت نے کام کیا ، انویسٹ کیا اور اب ان کے سامنے نیا ٹیلنٹ ابھر ابھر کر سامنے آرہا ہے۔ شاہد آفریدی نے دوران گفتگو ذکا اشرف سے درخواست کی کہ آپ چیئرمین شپ کے دوران ایسے کام کریں کہ جب آپ اس سیٹ پر نہ ہوں تو آپ کو یاد کیا جائے کہ چیئرمین وہ آیا تھا،اوپر کے معیار کو چھوڑ دیں، گراس روٹ لیول پر کام کریں تاکہ نئے ٹیلنٹ کو سامنے لایا جاسکے ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی