بالی ووڈ اداکار رنبیر کپور نے اپنے اور اہلیہ اداکارہ عالیہ بھٹ کے درمیان عمر کے فرق سے متعلق دلچسپ انکشاف کیا ہے۔دونوں کے درمیان 11 برس کا فرق ہے اور اسی حوالے سے اداکار نے اپنی اور عالیہ کی پہلی ملاقات کے حوالے سے دلچسپ تفصیلات شیئر کی ہیں۔ایک انٹرویو کے دوران رنبیر کپور نے بتایا کہ میری اور عالیہ کی پہلی ملاقات کے وقت اداکارہ کی عمر 9 اور میری عمر 20 سال تھی۔رنبیر کپور نے بتایا عالیہ انتہائی قابل اور نفیس انسان ہیں، میں خود کو خوش قسمت سمجھتا ہوں کہ میری شادی ایسی لڑکی سے ہوئی جو میری بیسٹ فرینڈ ہے، ہم دونوں گھنٹوں ایک دوسرے سے باتیں کرسکتے ہیں، ہمارے درمیان 11 سال کا فرق ہے جو ایک مضحکہ خیز بات ہے۔اداکار نے مزید کہا ہماری پہلی ملاقات ایک فوٹو شوٹ کے سلسلے میں ہوئی جب عالیہ 9 اور میں 20 برس کا تھا، معروف فلم ساز سنجے لیلا بھنسالی چائلڈ میرج پر مبنی فلم بالیکا ودھو بنانا چاہتے تھے جس میں عالیہ اور میرا کردار مرکزی ہونا تھا۔ان کا کہنا تھا کہ اس وقت میری اور عالیہ کی وہ پہلی ملاقات تھی جب کہ اب مجھے یہ سب کہنا انتہائی عجیب لگتا ہے۔رنبیر کپور کا کہنا تھا کہ میں عالیہ کی بطور اداکارہ، بیوی اور ماں کے بہت عزت کرتا ہوں۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی