فٹبال ورلڈکپ کی ٹرافی ایک روزہ دورے پر لاہور پہنچ گئی،فرانسیسی فٹبالر کرسچن کیرمبو بھی فٹبال کپ کی ٹرافی پہنچنے کے ساتھ ہی پاکستان پہنچے۔فرانسیسی فٹبالر کرسٹن کریمبیوفٹبال ورلڈ کپ ٹرافی کے ہمراہ علامہ اقبال ائرپورٹ پر پہنچے تو پاکستان ویمن فٹبال ٹیم کی کپتان حاجرہ نے ان کا استقبال کیا۔ اس موقع پر مشروب ساز ادارے کے حکام بھی موجود تھے۔پروگرام کے مطابق لاہور کے نجی ہوٹل میں ٹرافی کی رونمائی کے لئے خصوصی تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں فینز کو ٹرافی کے ساتھ تصاویر بنوانے کا موقع فراہم کیا گیا۔قطر میں فٹبال کا عالمی میلہ 21نومبر سے شروع ہورہا ہے جو 18 دسمبر تک جاری رہے گا۔فٹبال ورلڈکپ کی ٹرافی کو 50سے زیادہ ملکوں میں لے جایا جارہاہے۔ٹرافی آذر بائیجان سے لاہور پہنچی ہے اور اس کی اگلی منزل سعودی عرب ہے۔فرانسیسی فٹبالر کرسٹن کریمبیو نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ میری خواہش تھی کہ دوسری مرتبہ پاکستان آئوں، یہ خواہش آج پوری ہو گئی ہے۔ فیورٹ ٹیم کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ فیفا ورلڈ کپ میں ان کی فیورٹ ٹیم فرانس ہے، پاکستان کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ یہاں اگر زیادہ سے زیادہ فٹ بال کھیلی جائے گی تو اسے فروغ ملے گا۔
کریڈٹ:
انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی