i کاروبار

ترشاوہ پھلوں کے باغات کا ملکی رقبہ 5لاکھ ایکڑ سے متجاوز، باغبان موثر نظام آبپاشی سے استفادہ کریں،ماہرین زراعتتازترین

May 30, 2023

محکمہ ذراعت نے کہا کہ ملک میں ترشاوہ پھلوں کے باغات کارقبہ 5لاکھ ایکڑ سے متجاوز اور اوسط پیداوار 4.5 ٹن فی ایکڑ تک پہنچ گئی ہے، باغبان ترشاوہ باغات کی پیداوار میں اضافے کے لئے مؤثر نظام آبپاشی سے استفادہ کریں۔سٹرس فروٹ ریسرچ انسٹی ٹیوٹ کے ماہرین نے ایک بیان میں کہا کہ ترشاوہ پھلوں کی خاطرخواہ نشو ونما میں پانی انتہائی اہمیت کاحامل ہے کیونکہ پودوں میں خوراک جڑوں سے پتوں اور دیگر حصوں تک پانی کے ذریعے ہی رسائی پاتی ہے۔انہوں نے کہاکہ پانی پودوں میں ضیائی تالیف کالازمی جزو ہونے کے علاوہ عمل تبخیر سے پودوں کوبرے اثرات سے محفوظ رکھتاہے اس لئے باغات ایسے علاقوں میں لگائے جائیں جہاں پانی وافر مقدار میں میسر ہو تاہم ترشاوہ باغات کی کاشت کیلیے پانی کی مقدار اور وقفہ موسمی حالات، کاشتی امور، زمین کی خاصیت، پھل کی قسم اور عمر کے علاوہ پتوں کی سطح جیسے عوامل پر بھی منحصر ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ موسم گرما کے دوران جون تا اگست پھلدار پودوں کو 10 سے15دن کے وقفے سے پانی دینا ضروری ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں مزید رہنمائی کیلئے ماہرین یا محکمہ زراعت کی خدمات سے بھی استفادہ کیاجاسکتاہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی