i کاروبار

پاکستان پراپرٹی بزنس کی جنت، صنعتوں کا قبرستان بن رہا ہے، شاہد رشید بٹتازترین

May 25, 2023

تاجر رہنما اوراسلام آباد چیمبر کے سابق صدر شاہد رشید بٹ نے کہا ہے کہ پاکستان پراپرٹی شعبہ کے لئے جنت جبکہ صنعتوں کے لئے قبرستان بن رہا ہے۔بجٹ اقدامات کے زریعے غیر پیداواری شعبوں میں لگنے والے سرمائے کا رخ صنعتکاری کی طرف موڑا جائے اور ملک کی رہی سہی صنعتوں کو بندش سے بچانے کے لئے محاصل کم کئے جائیں۔ اگر پراپرٹی مافیا کی سرپرستی جاری رہی تو صنعتی شعبہ بتدریج سکڑ کر ختم ہو جائے گا۔ شاہد رشید بٹ نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ خطے کے تمام ممالک میں پاکستان اپنی آمدنی کے زیادہ اخراجات کرنے میں سب سے آگے ہے اسی لئے اسکی معیشت کی حالت بھی سب سے بری ہے اور ساری دنیا کو یقین ہے کہ یہ جلد دیوالیہ ہو جائے گا۔ چند دہائی قبل تک پاکستان کی معیشت خطے کے تمام ممالک سے بہتر تھی مگر اب صورتحال برعکس ہو گئی ہے اور کوئی ملک یا ادارہ پاکستان کو قرضہ دینے کو تیار نہیں ہے۔شاہد رشید بٹ نے کہا کہ ملکی ترقی یقینی بنانے کے لئے حقیقی اصلاحات کرنا ہونگی، صنعتی کارکردگی کو بڑا کر بین الاقوامی منڈی میں مسابقت کی صلاحیت کو بڑھانا ہو گا، غیر ملکی سرمایہ کاری اور غیر ملکی ٹیکنالوجی کو لانا ہو گااور فنانس سیکٹر کو جدید بنانا ہو گا۔ناکام سرکاری ادارون کو فروخت کرنا یا انھیں منافع بخش بنانا ہو گا اور سرکاری اور نجی شعبہ میں اب گریڈیشن کو توجہ دینا ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ عالمی معاشی حالات تیزی سے تبدیل ہو رہے ہیں اور ٹیکنالوجی کا استعمال بھی بڑھ رہا ہے مگر ہم اس شعبہ میں بہت پیچھے ہیں۔بھارت نے پاکستان کے بعد ڈی ریگولیشن شروع کی مگر انکے پالیسی سازوں کا ہدف ملکی مفاد تھا جبکہ ہماری پالیسی ساز ذاتی مفادات کے حصول میں لگے رہے جس سے فائدے کے بجائے الٹا نقصان ہوا۔ انھوں نے کہا کہ عوام بھوک سے مر رہے ہیں ،ڈیفالٹ کا خطرہ سر پر منڈلا رہا ہے، ترقیاتی سکیموں کے لئے منظور شدہ فنڈر کم کئے جا رہے ہیں، مگر ہر طرف اخراجات کی کمی کے شور میں پارلیمینٹرینز میں ترقیاتی سکیموں کے نام پر 111 ارب روپے بانٹے جا رہے ہیں جو بے حسی ہے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی