i کاروبار

چاولوں میں زہریلے سپرے کے بقیہ ذرات کی مقدار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کم کیا جائے ، ڈاکٹر سجاد ارشدتازترین

August 09, 2023

چاولوں میں زہریلے سپرے کے بقیہ ذرات کی مقدار کو بین الاقوامی معیار کے مطابق کم کیا جائے تاکہ عالمی تجارت میں پاکستان کے حصے کو بڑھایا جا سکے۔ یہ بات فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کے سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے عالمی منڈیوں کیلئے چاول میں سپرے کے کم از کم زہریلے ذرات کی موجودگی کے بارے میں ایک سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس کا اہتمام ٹریڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی آف پاکستان نے کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا شمار دنیا کے دس بڑے چاول برآمد کرنے والے ملکوں میں ہوتا ہے لیکن مغربی اور خاص طور پر یورپی ممالک خورا ک اور کھانے پینے کی دیگر اشیاء کے معیار کے بارے میں بہت حساس ہیں اور وہ ان اشیاء میں زہریلے ذرات کو قطعاً برداشت نہیں کرتے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں چاول کی برآمدات میں اپنے حصے کو برقرار رکھنے کیلئے انتہائی ضروری اور کم از کم زہریلے کیمیکل کا سپرے کرنا چاہیے تاکہ اس کے اثرات کھانے کے وقت سے بہت پہلے زائل ہو جائیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سلسلہ میں صوبائی اور وفاقی حکومت کی متعلقہ لیبارٹریوں کو جدید آلات سے لیس کرنا ہوگا۔ انہوںنے کہا کہ اس سلسلہ میں زہریلے سپرے کے مضر اثرات کے بارے میں بھی کاشتکاروں کو آگاہی دینی چاہیے تاکہ وہ ایسے چاول پیدا کریں جن کو بین الاقوامی منڈیوں میںکسی قسم کی روکاوٹ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

انہوں نے کہا کہ ماہرین کی سفارشات پر ممنوعہ زہروں کا استعمال مکمل طو رپر ترک کر دینا چاہیے جبکہ چاول کی فصل کو کیڑوں کے نقصانات سے بچانے کیلئے صرف منظور شدہ زہروں کو انتہائی قلیل مقدار میں استعمال کرنا ہوگا۔ انہوں نے بتایا کہ Residual effectکا مسئلہ ہو تو دنیا بھر میں رواج ہے کہ کمپنی کو banکر دیا جاتا ہے۔ انہوں نے نیسلے کمپنی کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں وہ تمام عالمی قوائد و ضوابط پورا کر کے اپنے ادارے کو چلا رہے ہیں۔ ہمیں باسمتی چاول میں بھی ایسا ہی کردار ادا کرنے کی ضرورت ہے۔انہوں نے ایگری کلچر ریسرچر زپر زور دیا کہ وہ فصلوں کی پیداوار بڑھانے کے سلسلہ میں کاشتکاروں کی بھر پور مدد کریںتاکہ رائس کو برآمد کر کے ملکی زرمبادلہ بڑھایا جا سکے ۔انہوں نے فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری میں اس سیمینار کے انعقاد پر TDAP کا شکریہ ادا کیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر TDAPفیصل آباد محترمہ ناہید اختر نے کہا کہ اس سیمینار کا مقصد یہ ہے کہ چاول کی پیداوار کو کیسے بڑھایا جائے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو اگر اس سلسلہ میں کوئی مسئلہ ہوتو وہ ہمارے آفس تشریف لائیں ہم اُن کی ہرممکن مدد کریں گے۔ اس سے قبل ڈاکٹر عبداللہ نیاز اور خالد محمود نے چاول کی برآمد بڑھانے کیلئے بعض سفارشات بھی پیش کیں جبکہ آخر میں سینئر نائب صدر ڈاکٹر سجاد ارشد نے ڈائریکٹر ٹی ڈیپ فیصل آباد محترمہ ناہید اختر کو فیصل آباد چیمبر آف کامرس اینڈانڈسٹری کی اعزازی شیلڈ پیش کی۔ اس موقع پر نائب صدر حاجی محمد اسلم بھلی ، ایگزیکٹو ممبر آصف اسلم اور حاجی عبدالرئوف بھی موجود تھے۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی