i کاروبار

آل پاکستان انجمن تاجران نے شرح سود میں مزید اضافے کے فیصلے کو مسترد کردیاتازترین

January 24, 2023

آل پاکستان انجمن تاجران کے مرکزی صدر اشرف بھٹی نے شرح سود میں مزید اضافے کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مہنگائی نہیں سرمایہ کاری کم ہو گی ،شرح سود 17 فیصد کرنے سے معیشت مزید گر ے گی، بزنس انڈسٹری سمیت چھوٹے کاروباروں میںسرمایہ کاری مزید کم ہو جائے گی۔ اپنے بیان میں اشرف بھٹی نے کہا کہ 17فیصد پر شرح سود پر کون انتہائی مہنگے قرضہ لے کر سرمایہ کاری کرے گا ، نجی بینکوں سے قرضوں کے حصول پر شرح مزید زیادہ ہو جاتی ہے ۔انہو ںنے کہاکہ مقامی سطح پر سرمائے کی پہلے ہی قلت ہے ، جب لوگوںکو بینکوںسے منافع ملے گا تو وہ کیوں کسی کاروبار میں لگا کر رسک لیں جبکہ انہیںدیگر مشکلات کا بھی سامنا کرنا پڑتا ہے۔ انہوںنے کہا کہ اس اقدام سے مہنگائی میں تو کمی نہیں البتہ سرمایہ کاری میں کمی ہو گی جس کے ساری معیشت پر منفی اثرات مرتب ہوں گے۔ انہوںنے کہا کہ اگر دیکھا جائے تو مہنگائی تب کم تھی جب شرح سود کم تھی ، اصل مسئلہ طلب اور رسد کا ہے ، جب تک یہ نہیں ٹھیک ہو گی مہنگائی پر قابونہیں پایا جا سکے گا۔ جو کاروبار قرضوں پر چلتے ہیںاسٹیٹ بینک کے فیصلے سے وہ بند ہو جائیں گے ، جس سے روز گار کے مواقع بھی کم ہوں گے ۔

کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی