سعودی عریبین ایئرلائن (السعودیہ) کا طیارہ فلپائن کے نینو اکینو انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر رن وے سے پھسل گیا، تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔عرب میڈیا کے مطابق السعودیہ ایئرلائن کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ مسافر طیارہ منیلا ایئرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد ٹرمینل جاتے ہوئے پھسل کر کچے میں اتر گیا اور مٹی میں پھنس گیا۔ایئرلائن کا کہنا ہے کہ واقعے میں تمام مسافر اور عملہ محفوظ رہے، اور کوئی زخمی نہیں ہوا، تمام مسافروں کو بحفاظت اتار کر ایئرپورٹ منتقل کردیا گیا ہے۔طیارے میں 420 مسافر اور عملہ کے ارکان سوار تھے۔ایئرلائن کا کہنا ہے کہ طیارے کو ٹرمینل پر منتقل کردیا گیا ہے، ٹیکنیکل ٹیم طیارے کے قابل پرواز ہونے کا جائزہ لے رہی ہے۔