وفاقی وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ زرعی شعبے پر ٹیکس کا اطلاق آئندہ سال یکم جولائی سے ہوگا۔وزیر خزانہ محمد اورنگزیب نے بلوم برگ کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں بجلی کی قیمتوں میں 3 گنا اضافہ ہوا، بعض علاقوں میں بجلی بل مکانوں کے کرائے سے بھی زیادہ بڑھ گئے، صوبوں کے ساتھ نیشنل فنانس پیکٹ پرپیش رفت ہورہی ہے۔انہوں نے کہا کہ زرعی شعبے پر ٹیکس سے متعلق قانون سازی جنوری میں کی جائے گی، زرعی شعبے پر ٹیکس کا اطلاق آئندہ سال یکم جولائی سے ہوگا۔محمد اورنگزیب نے کہا کہ چین سے قرضوں کی ری پروفائلنگ پر مثبت بات چیت ہورہی ہے، توقع ہے قرضوں کی ری پروفائلنگ کے معاہدے ہوجائیں گے۔وزیر خزانہ نے مزید کہا کہ آئی ایم ایف کے ساتھ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق فنڈنگ پربات ہوئی، پاکستانی معیشت میں ٹیکسوں کا حصہ 135 فیصد تک پہنچانا چاہتے ہیں، نومبر میں اسٹیٹ بینک شرح سود مزید کم کرسکتا ہے۔
کریڈٹ: انڈیپنڈنٹ نیوز پاکستان-آئی این پی